میری تعیناتی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھی،مستعفی ہو کر مخالفین کے منہ بند کر دئیے:ارسلان افتخار

میری تعیناتی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھی،مستعفی ہو کر مخالفین کے منہ بند کر ...
میری تعیناتی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھی،مستعفی ہو کر مخالفین کے منہ بند کر دئیے:ارسلان افتخار

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخارنے وضا حت کی ہے کہ بلوچستان انوسٹمنٹ بورڈ کے وائس چیئرمین کے طور پران کی تعیناتی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ یہ تعیناتی وزیر اعلیٰ بلوچستان کے قائم کردہ بورڈ نے کی تھی،مستعفی ہو کر مخالفین کے منہ بند کر دئیے ۔نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں ارسلان افتخار نے کہا کہ الزامات لگانے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ میری کوئی ڈگری جعلی نکلے تو جو سزا دی جائے قبول کروں گا۔ انہوں نے شیخ رشید کے بیان کے رد عمل میں کہا  کہ اگر ان کی ایف اے کی ڈگری جعلی نکلے تو وہ ہر سزا کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں ارب پتی ہوں لیکن میں کروڑ پتی یا ارب پتی نہیں ہوں،ٹیلی کام سیکٹر میں کام کرتا ہوں،کوئی فیکٹریاں اور جائیدادیں نہیں ہیں ۔اگر بیرون ملک کوئی اکاﺅنٹ نکلے تو وضاحت کو تیار ہوں، ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 2007ماڈل کی ایک گاڑی ہے فراری یا بی ایم ڈبلیو جیسی کوئی مہنگی گاڑی نہیں ہے اور یہ سب الزامات جھوٹے ہیں کہ میں شاہانہ زندگی گذارتا ہوں ۔ارسلان افتخارنے مزید کہا کہ سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہوں اور محکمہ ہیلتھ سے ایف آئی اے میں گیا،کبھی بھی پولیس کی نوکری نہیں کی۔افتخار چوہدری کے مخالفین نے انہیں نیچا دکھانے کے لئے میرا استعمال کیا اور مجھ پر الزامات لگائے۔ میری بطور وائس چیئر مین تعیناتی میں آئین اور قانون سے بالا تر ہو کر کچھ نہیں کیا گیا،الزام لگانے والوں کو بلوچستان کے مسائل کا پتا نہیں،بلوچستان میں معاملہ پیسے لینے کا نہیں بلکہ انوسٹمنٹ لانے کا تھا اور بطور وائس چیئرمین میں نے بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لئے خط لکھے تھے۔پہلے والد کی نصیحت پر کچھ نہیں بولتا تھا لیکن اب تمام الزامات لگانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے کی خدمت کرنا سیاست ہے تو ضرور سیاست کروں گا،بلوچستان کا شہری ہونے کے لئے کسی سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے،عوام کی خدمت جا ری رکھیں گے،افتخار چوہدری تھنک ٹینک بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں وہ بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مزید :

لاہور -اہم خبریں -