اذان کو شور قرار دینا کسی طرح بھی صحیح نہیں، کالکی کوچلن
ممبئی(اے این این)نامور بھارتی اداکارہ کالکی کوچلن نے اذان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اذان کو شور قرار دینا کسی طرح بھی صحیح نہیں۔ ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کالکی نے حال ہی میں شور کے نام سے ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس میں انہوں نے بتایاکہ بھارت میں رہنے والے لوگوں کو روزانہ کس قسم کی آوازوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ویڈیو کی ابتدا میں کالکی اپنے آس پاس کے شور سے متعلق کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ وہ جس علاقے میں رہتی ہیں وہاں ہروقت شور ہوتا رہتا ہے، کیونکہ وہاں مسجد، مندر، چرچ ، مختلف اشیا فروخت کرنے والے لوگ اور بہت زیادہ ٹریفک ہوتا ہے جہاں سے ہروقت شور کی آوازیں بلند ہوتی رہتی ہیں۔کالکی نے مزید کہا کہ بھارت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں جن کی عبادت کرنے کا طریقہ الگ ہے ، کچھ لوگ مسجد ، کچھ چرچ اور کچھ مندر جاکر عبادت کرتے ہیں اور ان عبادت گاہوں میں مختلف طرح کی آوازیں ہروقت سنائی دیتی رہتی ہیں۔
اس کے علاوہ بھی ہمارے ارد گرد بہت سی آوازوں کا شور سنائی دیتا ہے جیسے موبائل فون کی آواز، خبروں کی آواز، مختلف موضوعات پر اپنی رائے دینے والے لوگوں کی آوازیں اور اہم ان تمام آوازوں کو بنا کوئی سوال کیے قبول کرلیتے ہیں ، لیکن اذان کی آواز کو بنیاد بناکر اسے شور قرار دینا صحیح نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اپنے آس پاس موجود دیگر آوازوں پر تو اپنی آواز بلند نہیں کرتے لیکن کبھی کبھی کسی ایک چیز کو موضوع بناکر ملک میں نیا تنازعہ کھڑا کردیتے ہیں جیسے کچھ عرصہ قبل سونونگم نے کیا۔