قومی تھرو بال چیمپئن شپ 17 جولائی سے کھیلی جائیگی

قومی تھرو بال چیمپئن شپ 17 جولائی سے کھیلی جائیگی

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تھروبال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی تھروبال چیمپئن شپ 17 سے 21 جولائی تک کالام میں کھیلی جائے گی،پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مقبول آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاری زور و شور پر ہیں، چیمپئن شپ میں ملک بھر گیارہ ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں پنجاب،سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد ، فاٹا، کراچی، پاکستان واپڈا اور پاکستان پولیس شامل ہیں۔

، انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر سپورٹس خیبرپختونخوا محمود خان مہمان خصوصی ہونگے جو چیمپئن شپ کا افتتاح کریں گے، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی میٹنگ16 جولائی کو شام چاربجے ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور اس کے علاوہ ڈراز کا اعلان بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اسی دوران ریفریز اور کوچنگ کورس بھی منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے سو سے زائد کوچز اور ریفریز شرکت کریں گے، ارشد حسین ، رشید گل، امہ لیلیٰ اور مقبول آرائیں کورس میں شرکاء کو لیکچرز دیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی