بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 2کروڑ روپے جاری

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے 2کروڑ روپے جاری

اسلام آباد(اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی حکومت نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو5ویں عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے لئے2کروڑ روپے جاری کر دئیے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ پی بی سی سی نے ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے انعقاد کے لئے5کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا ہے جس میں سے وفاقی حکومت نے2کروڑ روپے جاری کر دئیے جبکہ باقی رقم کے لئے پنجاب ، سندھ حکومت اور دیگر فنڈنگ ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں۔ سید سلطان شاہ نے 5ویں عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے لئے2کروڑ روپے دینے پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ آئندہ سال 10 سے 25 جنوری تک پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس کے لئے پی بی سی سی نے ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے انتظامات شروع کردیئے ہیں۔ 11 سال بعد ورلڈ کپ کی پاکستان کو میزبانی ملی ہے جس کے 7 میچز پاکستان جبکہ 24 میجز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے فائنل سمیت ورلڈ کپ کے سات میچز کراچی اور لاہور میں متوقع ہیں جبکہ ایونٹ کے باقی 24 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔

سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان میں 11سال بعد عالمی کرکٹ کپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ میزبان پاکستان کے علاوہ باقی ممالک میں بھارت، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیپال، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی نے ورلڈ کپ کیلئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی