اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ، سروسز ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ اوپی ڈی نے کام شروع کر دیا

اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ، سروسز ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ اوپی ڈی نے کام ...

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت لاہور کے سروسز ہسپتال میں اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی سٹیٹ آف دی آرٹ او پی ڈی نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، نئے تعمیر ہونیوالے او پی ڈی بلاک میں پتھالوجی اور ریڈیالوجی کے تمام ٹیسٹوں کی سہولت بھی میسر ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق 7 فلور پر مشتمل سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ نئے او پی ڈی بلاک کے تقریباً 3 فلورز کو آپریشنل کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ او پی ڈی میں تمام شعبوں کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سمیت میڈیکل آفیسر اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کام شروع کر دیا ہے جہاں پر لاہور سمیت دیگر شہروں سے آنیوالے سینکڑوں مریضوں کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے مزید بتایا کہ سروسز ہسپتال میں تعمیر ہونیو الا او پی ڈی بلاک دیگر ہسپتالوں کیلئے ایک رول ماڈل ہو گا اور جب اس کے تمام فلورز مکمل ہونے کے بعد فنکشنل ہو جائیں گے تو شہریوں کو ایک چھت تلے صحت کے تمام شعبہ جات کی طبی سہولیات دستیاب ہونگی،نئے او پی ڈی بلاک میں ایسے مریض جن کو ایمرجنسی شعبے میں منتقل کرنا ہوتا ہے کیلئے او پی ڈی سے ایمرجنسی تک شٹل سروس بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ایمرجنسی تک پہنچنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سی ایم ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے نئے او پی ڈی بلاک کے باقی پانچ فلورز پر ترقیاتی کام شروع کئے ہوئے ہیں اور انہیں جلد مکمل کرکے ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائیگا جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نئے بلاک کا افتتاح کرینگے۔ اے ایم ایس او پی ڈی ڈاکٹر فوزیہ سعید نے بتایا کہ گزشتہ 6ماہ سے آپریشنل اس او پی ڈی میں روزانہ 2800 سے 3000 تک مریض علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں جن کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ او پی ڈی کی پرانی عمارت کو میڈیکل سٹور کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر زیر تعمیر فلورکی تکمیل کے بعد لاہور سمیت دیگر شہروں سے آنیوالے مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1