نواز حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں رائے حسن
لاہور( پ ر) تحریک انصاف کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز نے کہا ہے کہ نواز حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔شریف فیملی اور حکومتی وزراء اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں۔جے آئی ٹی پر تنقید کرنا سپریم کورٹ پر تنقید کرنے کے مترادف ہے۔تحریک انصاف سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔نواز شریف نے اپنے خلاف آنے والے تمام فیصلوں کو ناقابل قبول سمجھا ہے۔آمریت کی پیداوار جمہوری روایات کو کبھی نہیں مانتی۔چیئر مین عمران خان نے حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف جو آواز بلند کی وہ آج ہر گلی محلے تک پہنچ چکی ہے۔پاکستانی قوم کے سامنے کرپٹ حکمرانوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک میٹنگ کے دوران مختلف دفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سابق رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف کی بیس سال کی مسلسل جدوجہد اب رنگ لا رہی ہے ہمارا ایجنڈا صرف ملک سے کرپشن اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ ہے ۔