جے آئی ٹی کی تحقیقات حتمی مراحل کیجانب بڑھ رہی ہیں، جمشید اقبال

جے آئی ٹی کی تحقیقات حتمی مراحل کیجانب بڑھ رہی ہیں، جمشید اقبال

لاہور(خبرنگار)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ جوں جوں جے آئی ٹی کی تحقیقات حتمی مراحل کی طرف بڑھ رہی ہے ایک سازش کے تحت حکمرانوں کے رویے بھی تلخ ہوتے جارہے ہیں ،دوسروں کو صبر و تحمل کا درس دینے والے خواجہ سعد رفیق نے جارحانہ تقریر کر کے کسے پیغام دینے کی کوشش کی ہے ؟۔ گزشتہ روز پارٹی دفتر میں کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان اور ان کے حواری یہ چاہتے ہیں کہ وہ ملک کی دولت لوٹتے رہیں اور انہیں کوئی پوچھنا والا نہ ہو ۔ حکمران کس ترقی کے دعوے کرتے ہیں ۔آج غریب عوام کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں اور وہ حالات کی وجہ سے اجتماعی خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ حکمران اپنے بخار کا چیک اپ کرانے بھی لندن روانہ ہو جاتے ہیں لیکن غریب کیلئے برن یونٹ تک نہیں اور سانحہ بہاولپور کے شدید زخمیوں کو کئی سو کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے لاہور لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکمرانوں سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں بلکہ ہم نے ہمیشہ ترجیحات کی بات کی ہے، اگر پینے کے صاف پانی ،سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے بعد اورنج لائن ٹرین کامنصوبہ شروع کیا جاتا تو ہم بھی حکمرانوں کو داد دیتے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمران خاندان کے ہاتھ صاف ہوتے تو جے آئی ٹی کی کارروائی پر واویلا نہ کیا جاتا ۔اپنی کشتی ڈوبتی دیکھ کر حکمران اور انکے حواری جان بوجھ کر تلخی کا ماحول پیدا کر رہے ہیں جو خود ان کے لئے نقصان کا باعث بنے گا۔خواجہ سعد رفیق ملک کو درپیش خطرات سے دوسروں کو آگاہ کرنے کی بجائے ذرا اپنے رویے پر بھی غور کریں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1