بھارت دہشتگردی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا : سردار مسعود

بھارت دہشتگردی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا : سردار مسعود

بریڈ فورڈ (این این آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت اپنی قابض افواج کی ریاستی دہشتگردی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا ۔ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی آواز کو طاقت کے بل بوتے پر خاموش نہیں کرایا جا سکتا ۔ کشمیری عوام کو برطانوی پارلیمنٹ کے نو منتخب ارکان سے بڑی اُمیدیں وابستہ ہیں۔ برطانیہ میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے اثر و سوخ میں اضافہ ہوا ہے ۔ کمیونٹی کے لوگ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور وہاں کی اندوہناک صورتحال انگریز قانون سازوں کے سامنے واضح کرنے کے لیے گراں قدر کوششیں کر رہے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے گزشتہ جنوری میں برطانوی ایوان زیریں میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لانے اور بھارتی مظالم کی مذمت کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل اور پرنٹ میڈیا نے مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانیت کے خلاف جرائم کو بے نقاب کیا ہے ۔ لیکن بد قسمتی سے بعض مغربی ممالک اپنے معاشی مفادات اور بھارت کے ساتھ تجارت کے باعث اس پر خاموش ہیں ۔ سردار مسعود خان نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ، کشمیریوں کے قتل عام اور کنٹرول لائن کی دوسری جانب شہری آبادی کو نشانہ بنانے کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری امن پسند ہیں ۔وہ خطے میں جنگ و جدل اور دشمنی کا موجب نہیں بلکہ دوستی ، ہم آہنگی بھائی چارے اور امن و سلامتی کی علامت بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے سیاسی و سفارتی کوششیں تیز تر کی جائیں۔ کیونکہ ذرائع بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے زیادہ موثر ہیں۔ بعد ازاں صدر آزاد کشمیر نے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے رہنما جاوید قادر کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ جس میں نو منتخب ممبران پارلیمنٹ ، ناز شاہ اور عمران حسین بھی موجود تھے ۔ صدر سردار مسعود خان نے ناز شاہ اور عمران حسین کو پارلیمانی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں آزاد کشمیر اور پاکستان سے آنے والوں نے یہاں انتھک محنت کی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ عالمی برادری دوہرے معیار کا شکار ہے ۔ اس موقع پر ممبران برطانوی پالیمنٹ عمران حسین ، نا ز شاہ ، نسیمہ وانی ، سحرش قمر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

سردار مسعود

مزید : علاقائی