پولیس شہر میں ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس روکنے میں ناکام

پولیس شہر میں ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریس روکنے میں ناکام

لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں سخت پابندی کے باوجود بھی اتوار کے روز درجنوں موٹر سائیکل سوار منچلے نوجوان شاہراؤں پر ون ویلنگ اور ریس لگاتے رہے۔ پولیس ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر میں سخت پابندی کے باوجود موٹر سائیکل سوار نوجوان مختلف شاہراؤں پر کرتب دکھاتے رہے، شرط لگا کر موٹر سائیکلوں پر ریسیں بھی ہوئیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایک طرف موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور ریسوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ دوسری طرف پوش علاقوں میں منچلے نوجوانوں کے ساتھ لڑکیاں بھی موٹر سائیکلوں پر بیٹھی دکھائی دیتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ویلروں میں متعد د نوجوان خواتین سے پرس چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔ ڈیفنس، وحدت روڈ، کوئنز روڈ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، جوہر ٹاؤن شوکت چوک ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ، مغل پورہ ، شالیمار لنک روڈ، ملتان روڈ، کینال روڈ اور دیگر شاہراؤں پر موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور ریسیں لگاتے دکھائی دیئے۔

مزید : علاقائی