قطرکا معاملہ مذاکرات سے حل کیاجائے،روسی صدرکا شاہ بحرین کوفون

قطرکا معاملہ مذاکرات سے حل کیاجائے،روسی صدرکا شاہ بحرین کوفون

ماسکو(این این آئی)روسی صدر ولادی میر پوتین نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سیٹیلی فون پر قطر اور خلیجی عرب ممالک کے درمیان جاری تنازع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاگیاکہ صدر پوتین نے تنازع کی فریق تمام حکومتوں کے درمیان براہ راست بات چیت کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس تنازع سے پورے مشرقِ وسطیٰ پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔سعودی عرب ،مصر ،بحرین اور متحدہ عرب امارات نے 5 جون کو قطر کے ساتھ ہر قسم کے سیاسی ،سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے اور پھر اس کو تیرہ مطالبات کی ایک فہرست پیش کی تھی اور اس سے کہا تھا کہ ان مطالبات کو پورا کرنے کی صورت ہی میں اس کا بائیکاٹ ختم کیا جاسکتا ہے۔قطر کو ان مطالبات کو پورا کرنے کے لیے 3 جولائی کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک نے قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک میں مداخلت پر مبنی اپنی جارحانہ خارجہ پالیسی اور دہشت گردی کی حمایت سے دستبردار ہوجائے ۔قطر ان الزامات کی تردید کرچکا ہے کہ وہ دہشت گردی کی کسی طرح سے کوئی معاونت کررہا ہے۔

مزید : علاقائی