عمران خان جمہوریت پر داغ، کوئی طاقت نواز شریف کو آئندہ الیکشن جیتنے سے نہیں روک سکتی: عابد شیر علی
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو اربوں روپے کے فلیٹ اور کاروبار ملے وہ ایک ادارے کے سربراہ تھے ان کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے‘ جن لوگوں نے اقتدار میں رہ کر ملک کو لوٹا ان ککی جے آئی ٹی کون بنائے گا‘ 14 سال میں پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کچھ ثابت نہیں کرسکے‘ چوہدری شجاعت نے جو کرپشن کی اس سے روحیں کانپ جائیں‘ شیخ رشید نے کہا کہ دس دن بعد حکومت جانے والی ہے کیا عدالت عظمیٰ شیخ رشید کے بیان کا از خود نوٹس لے گی‘ شیخ رشید کو تین طلاقیں ہوچکی ہیں ان طلاق یافتہ لوگوں کا کوئی سیاسی کیریئر نہیں یہ لوگ کس کی زبان بول رہے ہیں‘ عمران خان پاکستان کی جمہوریت پر بدنما داغ ہیں‘ وہ پہاڑوں کی سیر کررہا ہے اسے پتہ نہیں کہ کیا کرنا ہے‘ شریف فیملی کے کاروبار میں پورے خاندان کو یکجا کیا جارہا ہے‘ نواز شریف کو 2018 میں کوئی طاقت الیکشن جیتنے سے نہیں روک سکتی۔ جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ پرویز مشرف کی حکومت دس سال میں نواز شریف پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی نواز شریف اور ان کے خاندان نے کسی قسم کی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کو بلایا گیا جے آئی ٹی نے ان سے کیوں نہیں پوچھا رحمن ملک ایف آئی اے کے انسپکٹر تھے ان کے پاس جائیداد کہاں سے آئی۔ پاکستان کے بیس کروڑ عوام سازش کو سمجھتے ہیں ہر باز نواز شریف کا خاندان ہی کیوں آج ہماری ماؤں‘ بہنوں‘ بیٹیوں کو بھی بلایا جارہا ہے ہماری بہن مریم نواز کو بلایا گیا ہم بھاگیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سال احتساب کرنے والے ثبوت لائیں عوام نے تیسری بار نواز شریف کو منتخب کیا ۔ کیا عدالت عظمیٰ شیخ رشید کے بیان کا از خود نوٹس لے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ دس دن بعد حکومت جانے والی ہے شیخ رسید کو تین طلاقیں ہوچکی ہیں۔ شیخ رشید کو نواز شریف‘ پرویز مشرف اور (ق) لیگ سے طلاقیں ہوئی ہیں ان طلاق یافتہ لوگوں کا کوئی سیاسی کیریئر نہیں۔ یہ طلاق یافتہ لوگ کس کی زبان بول رہے ہیں منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔ نواز شریف کا شیوہ پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔ زرداری نے استثنیٰ مانگا نواز شریف نے استثنیٰ نہیں مانگا۔