مسئلہ کشمیر اور کشمیر کے مسائل دوعلیحدہ حقائق، گڈمڈنہ کیا جائے: علی گیلانی

مسئلہ کشمیر اور کشمیر کے مسائل دوعلیحدہ حقائق، گڈمڈنہ کیا جائے: علی گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(اے این این) کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جموں کشمیر میں جی ایس ٹی لاگو کرانے کے تنازعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور کشمیر کے مسائل دو الگ الگ حقیقتیں ہیں اور ان کو کسی بھی صورت میں خلط ملط نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کشمیر کے مسائل حل کروانے کی اپنی سطح پر ہر ممکن کوشش ضرور کریں، البتہ اس بات کا خیال رکھا جانا انتہائی لازم ہے کہ کہیں یہ اصل مسئلے کی جگہ نہ لیں اور اس سے توجہ ہٹانے کی باعث نہ بنیں۔ گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام کو جو بھی نابرابری، ناانصافی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، ان سب کا روٹ کاز تنازعہ کشمیر کا حل طلب ہونا ہے اور جب تک بنیادی مسئلے کا کوئی قابل قبول حل برآمد نہیں ہوتا، مشکلات اور مصائب کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس خطے میں سیاسی غیر یقینیت اور عدمِ استحکام کی صورتحال بھی برقرار رہے گی۔ حکمتِ عملی اور دانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ اصل مسئلے کے حل پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور ایسے اقدامات سے بہر صورت احتراز کیا جائے، جو اس سلسلے میں قائم بیانئیے کو اثرانداز کرنے کے موجب بنتے ہوں۔ گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حتمی حل سے پہلے تک جموں کشمیر کو جو خصوصی پوزیشن حاصل تھی، اس کو نیشنل کانفرنس اور دوسرے ہندنواز سیاستدانوں نے اپنے اپنے وقت میں کھوکھلا کردیا ہے اور اب یہ صرف ہڈیوں کا ایک ڈھانچہ بن کر رہ گیا ہے، جس کو قبر میں اتارا جانا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 میں اندرا عبداللہ ایکارڈ اور رائے شماری کو دفن کرنے کے موقعے پر ہی کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا بھی جنازہ نکالا گیا تھا اور اس کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی گئی تھی۔ آج کی تاریخ میں اس پارٹی کا اس حوالے سے واویلا بے معنی اور یہ محض الیکشن سیاست کا شاخسانہ ہے، جو کہ اقتدار میں اپنی واپسی کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ حریت چیرمین نے کہا کہ تاجربرادری اورسول سوسائٹی کے لوگ کشمیریوں کی تجارت اور اقتصادیات کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کا مقابلہ ضرور کریں، البتہ اس سلسلے میں کافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، تاکہ تنازعہ کشمیر اور کشمیریوں کا منصوبہ بند قتلِ عام پسِ منظر میں نہ چلا جائے اور دوسرے اشوز اس کو اور ٹیک (Overtake)نہ کرپائیں۔ گیلانی نے کہا کہ ہماری تمام مشکلات کا حل مسئلہ کشمیر کے عوامی خواہشات کے مطابق حل میں مضمر ہے اور اس کے لیے ہم سب کو مل جل کر کوششیں عمل میں لائی جانی چاہیے۔

مزید :

علاقائی -