سانحہ احمد پور شرقیہ: جناح ہسپتال میں زیر علاج مزید 5مریض دم توڑ گئے

سانحہ احمد پور شرقیہ: جناح ہسپتال میں زیر علاج مزید 5مریض دم توڑ گئے

لاہور( خبرنگار) جناح ہسپتال میں زیر علاج سانحہ احمد پور شرقیہ کے5 مریض گزشتہ روز دم توڑ گئے ہیں۔ جس کے بعد سانحہ احمد پور شرقیہ کے جناح ہسپتال میں زیر علاج جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 12 ہو گئی ہے اور جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5افراد شامل ہیں۔گزشتہ روز اس سانحہ کے دوران جھلسنے والے مریضوں کی ہلاکتیں سب سے زیادہ ہوئیں۔ جس میں گزشتہ روز صبح سویرے ہی سانحہ احمد پور شرقیہ کے مریضوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس میں گزشتہ روز صبح سویرے 10 سالہ سعید جو کہ سانحہ احمد پور شرقیہ میں 67 فیصد جھلس گیا تھا وہ جاں بحق ہو گیا۔ جس کے تھوڑی دیر بعد 10 سالہ سعید کی خالہ 40 سالہ حمیدہ بی بی بھی جاں بحق ہو گئی۔ ایک ہی گھرانے کے دو افراد کی ہلاکت پر جناح ہسپتال کے برن یونٹ کے سامنے صف ماتم بچھ گئی۔ لواحقین زاروقطار رونے لگے اور ہسپتال میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ ابھی ان دونوں نعشوں کو ہسپتال کی انتظامیہ ایمبولینس میں شفٹ کر رہی تھی کہ سات سالہ عثمان جو کہ سانحہ احمد شرقیہ میں60 فیصد جھلس گیا تھا وہ بھی دم توڑ گیا جس پر سات سالہ عثمان کی والدہ اور بہنوں پر غشی کے دورے پڑنے لگے اور والدہ اور بہنیں ہسپتال کی دیواروں کو ٹکریں مار مار کر روتی رہیں۔ہسپتال کی انتظامیہ نے نعشوں کو آبائی علاقہ احمد پور شرقیہ بھجوا دیا کہ گزشتہ شام ہسپتال کے برنٹ یونٹ میں زیر علاج سانحہ احمد پور شرقیہ کا 17 سالہ حضور بخش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد لواحقین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے 17 سالہ حضور بخش کی نعش بھی گزشتہ شام ایمولینس کے ذریعے آبائی علاقہ بہاولپور روانہ کر دی۔ بعد کی اطلاع کے مطابق سانحہ کا ایک اور زخمی 30سالہ جاوید بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیاہے جس کے بعد گزشتہ روز جناح ہسپتال میں زیر علاج سانحہ احمد پور شرقیہ کے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 5ہو گئی اور اس طرح جناح ہسپتال میں سانحہ احمدپور شرقیہ کے زیر علاج ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد کل تعداد 12 ہو گئی ہے۔جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ میں جھلسنے والے مریضوں کو ہر قسم کی فوری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تاہم ہلاک ہونے والے مریض انتہائی تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال میں لائے گئے تھے اس کے باوجود ہسپتال انتظامیہ نے دن رات ایک کئے رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ کے 3 مزید مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ جن کی دیکھ بھال انتہائی تجربہ کار اور ماہر ترین ڈاکٹرز کی نگرانی میں کی جا رہی ہے۔

مزید : صفحہ اول