روزنامہ ’’جہاد‘‘ کے چیف ایڈیٹر شریف فاروق کی رسم قل، گورنر خیبر پی کے سمیت اہم شخصیات کی شرکت

روزنامہ ’’جہاد‘‘ کے چیف ایڈیٹر شریف فاروق کی رسم قل، گورنر خیبر پی کے سمیت ...

پشاور (سٹاف رپورٹر)روزنامہ ’’جہاد‘‘ و’’ اتحاد‘‘ کے چیف ایڈیٹر ٗ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ٗ ممتاز صحافی اور متعدد کتابوں کے مصنف ٗ صدارتی ایوارڈ یافتہ برائے حسن کارکردگی شریف فاروق کی رسم قل گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ واقع جاوید ٹاؤن پشاور میں ادا کی گئی۔ جس میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وہ ہفتہ کے روزطویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے جنہیں کنٹونمنٹ بورڈ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔رسم قل میں گورنر خیبرپختونخوا ، اقبال ظفر جھگڑا، روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی ، ریذیڈنٹ ایڈیٹر نعیم مصطفےٰ ، روزنامہ آفتاب کے چیف ایڈیٹر ممتاز طاہر ،اے پی این ایس خیبر پختونخواہ کے چیئرمین سید ہارون شاہ ، روزنامہ ’’طاقت‘‘ کے چیف ایڈیٹر رحمت علی رازی ، میجر ریٹائرڈ محمد عامر ، سینئر صحافیوں سید شکیل احمد، باری ملک ، ناصر علی سید سمیت مرحوم کے عزیز و اقارب شریک ہوئے ۔ اس موقع پر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ، فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔ گورنر خیبرپختونخوا سمیت دیگر شرکاء نے مرحوم کے فرزند طاہر فاروق سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی صحافتی ، ادبی اور تحریکی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا تھا کہ آپ نے صوبے میں معیاری صحافت کے فروغ کے لئے قابل قدر کردار ادا کیا مرحوم نے صحافتی زندگی کے دوران اپنے قلم کو پاکستان کی خدمت کیلئے استعمال کیا ،ان کی خدمات کو کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ شریف فاروق ہماری صحافت کا قابل فخر سرمایہ تھے، وہ ہمیشہ درخشاں اور اعلی صحافتی روایات اور اقدار پر کاربند رہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کے رخصت ہونے سے جو خلا پیدا ہواہے وہ آسانی سے پر نہیں ہو گا۔صحافت کے علاوہ تحریک پاکستان کے کارکن کے طور پر بھی ان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گورنر نے مرحوم کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مزید : صفحہ آخر