کرپٹ افراد غلاف کعبہ کے پیچھے چھپ جائیں تو بھی نکال لائیں گے: سراج الحق

کرپٹ افراد غلاف کعبہ کے پیچھے چھپ جائیں تو بھی نکال لائیں گے: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف آنے والا فیصلہ کرپشن کے مگر مچھوں کو گھیرنے کی قومی تحریک کا آغاز ہوگا ۔ کرپٹ اور بد دیانت ٹولہ غلاف کعبہ میں بھی جا چھپے تو نکال کر لوٹی دولت کی ایک ایک پائی وصول کریں گے ۔ کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے اور اب انہیں عوامی غیظ و غضب اور قانون کے شکنجے سے ان کی سرپرست عالمی اسٹیبلشمنٹ بھی نہیں بچا سکے گی ۔ حکمران بغیر ڈکارلیے سب کچھ ہڑپ کرنے کے بعد بھی رو رہے ہیں ۔ حکمران دھاندلی اور کرپشن میں سپیشلسٹ ہیں مگر آئندہ انتخابات میں عوام ان کی ایک نہیں چلنے دیں گے ۔ جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والے ا ب کیوں رو رہے ہیں ۔ حکومت کا کام رونا دھونا نہیں ، عمل کرناہوتاہے ۔ عوام ڈاکٹر عافیہ صدیقی ، یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے والے ریمنڈ ڈیوس کے بھائیوں کے لیے الیکشن کو یوم حساب بنادیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں جماعت اسلامی پنجاب کے قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، زبیر گوندل ، احمد بلال صوفی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر اور نگران شعبہ انتخابات جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور امیر العظیم بھی موجود تھے ۔ کنونش میں پنجاب بھر سے جماعت اسلامی کے نامزد قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران اور جے آئی یوتھ کے منتخب سینکڑوں عہدیداروں نے شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام اب کرپشن اور کرپٹ ٹولے سے نجات اور ملک میں دیانتدار قیادت چاہتے ہیں ۔ موجودہ اور سابقہ حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہیں جو پارٹیاں اور جھنڈے بد ل بدل کر اقتدار میں آتے اور قومی دولت لوٹتے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں امن کا قیام اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے ۔ ہم ڈنڈے اور بندوق کے زور پر نہیں ، عوام کی تائید سے انقلاب لائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خلاف سب سے پہلے جماعت اسلامی نے تحریک چلائی اور اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران تو کرپشن کے خلاف قانون سازی پر بھی آمادہ نہ تھے اس لیے ہمیں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا ۔ ہماری جدوجہد کا اصل ہدف ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے اور اب قوم کی سمجھ میںیہ بات آرہی ہے کہ مسائل کی دلدل سے نکلنے کے لیے نفاذ شریعت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -