مون سون بارشیں،لیسکو چیف کاتمام سٹاف کو حاضر رہنے کا حکم

مون سون بارشیں،لیسکو چیف کاتمام سٹاف کو حاضر رہنے کا حکم

لاہور( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں مون سون کے دوران لیسکو کے چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی نے تمام ایس ایز ، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز سمیت آپریشنلز افسروں کو ہائی الرٹ ، بجلی کے ترسیلی نظام اور سسٹم کو بہتر طریقہ سے چلانے کے لئے اور فیلڈ افسروں سمیت لائن سٹاف کو 24 گھنٹے ڈیوٹی حاضر رہنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو سیدواجد علی کاظمی نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مون سون کے دوران کسی قسم کے جانی و مالی حادثات اور بجلی کے ترسیلی نظام سمیت سسٹم میں رکاوٹ جیسے معاملات سے نمٹنے کے لئے تمام فیلڈ افسروں اورلائن سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایز، ایکسینئز اور ایس ڈی اوز سمیت ایل ایس اور لائن سٹاف 24 گھنٹے اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور صارفین کو مون سون کے دوران کسی قسم کی درپیش مسائل بجلی کے ترسیلی نظام میں مشکلات سے نمٹنے کے لئے ان کے ٹیلی فونز آن رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے دوران بجلی کے ترسیلی نظام میں آنے والے عارضی تعطل کو دور کرنے اور ترسیلی نظام کو نہایت بہترین طریقہ سے رواں رکھنے کے لئے ایس ایز کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جس کی وہ خود نگرانی کریں گے، تاہم صارفین کو چاہیے کے وہ بارش کے دوران بجلی کی کسی قسم کی معطلی ، سپلائی میں مشکلات اور کسی بوسیدہ تار کے گرنے یا لٹکنے پر وہ لیسکو کے ٹیلی فون نمبرز 03470010700 اور 0470010715 پر فوری اطلاع دیں تاکہ کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان کا اندیشہ نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے تعاون سے ہی بارشوں کے دوران آنیوالے مسائل اور رکاوٹوں سے نمٹا جا سکتا ہے تاہم تیز ترین بارشوں میں صارفین کو اپنی جانیں خطرے میں ڈالنے کے بجائے لیسکو کے دفاتر اور لیسکو کے دئیے گئے ایمرجنسی شکایت نمبرز پر فوری مطلع کریں تاکہ مون سون کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی زندگیوں کو بھی محفوظ رکھاجا سکے۔

لیسکو چیف

مزید : کراچی صفحہ اول