ہیڈ محمد والا ملتان ،ویگن میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق،24زخمی

ہیڈ محمد والا ملتان ،ویگن میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان، بھٹہ پور، چوک سرور شہید(کرائم رپورٹر، نمائندہ پاکستان، سپیشل رپورٹر) چوک مونڈا سے ملتان آتے ہوئے ہیڈ محمد والا پر ہائی ایس ویگن میں آگ بھڑک اُٹھی جس پر ڈرائیور نے فوری طور پر ویگن روکنے کی کوشش کی تاہم اس کا ٹائر پھٹنے کے باعث کھمبے سے ٹکرا گئی،ویگن کے اندر سوار افراد نے باہر نکل آئے تاہم خاتون اور 5 بچیوں کی ویگن کی پچھلی سیٹوں پر موجود گی کے باعث نہ نکل سکیں اور موقع پر جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔ویگن ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔اطلاع ملنے پر سول ڈیفنس، ریسکیو فائر برگیڈ پولیس اور پٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرین کو نشتر ہسپتا ل منتقل کیا ،جبکہ ویگن کے اندر پھنسی خاتو ن اور بچیوں کی نعشوں کو نکالنے کے لیے ویگن کی باڈی کاٹ کر انہیں نکالا گیا ،اس دوران ہیڈ محمد والا کی سڑک کو آمد و رفت کے لیے مکمل بند کردیا گیا ۔جاں بحق ہونے والوں میں 14سالہ تانیہ دخترغلام مصطفی،14سالہ فرح دختر ریاض،14سالہ صائمہ دختر منظور،15سالہ سونیا دختر ظفر ،شمشاد بی بی دختر رفیق،شاہینہ 14سالہ دخترمختیار شامل ہیں ،جبکہ زخمیوں میں عریشہ، فوزیہ، موسی، مشہد، رخسانہ، رمشہ، عذرہ، سعدیہ، رمشہ ،کرن، نسیم، زاہد، حسین، ارم، ساجدہ ،مجاہد، زین، رقیہ، احسن، کرن، صائمہ، مریم، رقیہ، یاسر شامل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر کمشنر ملتان ڈپٹی کمشنر ،اور سی پی ا و ملتان نشتر ہسپتال برن یونٹ پہنچ گئے ۔ڈاکٹرز کے مطابق چار سالہ سعدیہ کے جسم کا50فیصد جبکہ 30سالہ کرن کے جسم کا 36فیصد جھلسنے کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے ،باقی زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واقعہ مظفرگڑھ حدود میں پیش آنے پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ آتشزدگی سے جھلسنے والے افراد کے رشتہ دار جائے وقوعہ پر پہنچ کر دھاڑیں مار کر روتے رہے۔اس دوران برکت علی،حامد،بشیر اور عمران کا کہنا تھا کہ جھلسنے والے چوک مونڈا سے ملتان حضرت شاہ رکن عالم اور شاہ شمس تبریزکے دربار پر منت کے پورے ہونے کی خوشی میں حاضری کے لیے جارہے تھے۔لیکن خدا کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ہیڈ محمد والا پر ہائی ایس میں آتشزدگی کے حوالے سے عینی شاہدین نے مختلف بیانات دیے۔آگ ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے لگی ،کچھ کا کہنا تھا کہ ویگن کا ٹائر پھٹنے سے وہ کھمبے سے ٹکرائی جس سے آگ بھڑک اُٹھی۔جبکہ کچھ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔اس حوالے سے سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔
ہائی ایس