نتھیا گلی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ خوش آئندہ ہے :پرویز خٹک

نتھیا گلی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ خوش آئندہ ہے :پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نتھیاگلی جیسے پرفضاء مقام میں سیاحوں کو کھیلوں سمیت صحت مندانہ سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے۔ معاشرے کے ہر فرد کو ذہنی اور جسمانی فٹنس کیلئے جو لوازمات درکار ہیں اُس میں بنیادی کردار ریاست کا ہی ہوتا ہے تاہم معاشرہ بھی اجتماعی بہبودی کام کیلئے کل وقتی ماحول فراہم کرنے اور ان سہولیات سے استفادہ کرنے کیلئے بھی کلیدی کردار رکھتا ہے ۔وہ نتھیاگلی میں سپورٹس کلب کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مختلف گیمز دیکھے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ معاشروں کی تشکیل میں کھیل کود کی اہمیت مسلمہ ہے جو نوجوان نسل کی نشوونما کا ضامن ہو تا ہے یوں نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے سے ہی معاشرہ پروان چڑھتا ہے ۔مقابلے انسان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں ۔ کھیل کود سے اُن کی فیصلہ سازی کی قوت مضبوط ہو جاتی ہے اور نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کو پرکھنے ، اُجاگر کرنے اور اسے بنیاد بنا کر آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے برسراقتدار آنے پرجہاں دوسرے شعبوں کی ترقی کیلئے زمینی حقائق کے مطابق ٹھوس اقدامات اٹھائے وہاں نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود اور کھیلوں کے فروٖغ کیلئے بھی بھرپور اقدامات اُٹھائے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے رہنما اُصولوں پر مشتمل یوتھ پالیسی کا اعلان کیا جس کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے وسیع مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اور نوجوانوں کو فیصلہ سازی کا موقع دینے کی غرض سے پالیسی میں یوتھ کمیشن بنایا گیا ہے جس سے نوجوان خود اپنے فیصلے کرنے میں با اختیار ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اور کھیل حکومتی پالیسیوں کا اہم نکتہ ہونا چاہئے ۔ نوجوانوں کیلئے یوتھ پالیسی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گئے جن میں تحصیل ، ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل سطح پر کھیلوں کے گراؤنڈز کی لازمی بنیاد پر تعمیر اور فراہمی ہے۔ پرویز خٹک نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے 200 ملین روپے کی لاگت سے وظیفے کا اجراء بھی کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت تمام کھلاڑیوں کو میٹرک سے لیکر ماسٹر تک تعلیمی وظیفہ دیا جائے گا اور حکومت کھلاڑیوں کے اندرون ملک اور بیرون ملک تربیتی پروگرام کے اخراجات اُٹھائے گی ۔اگر کوئی بھی کھلاڑی ملکی سطح پر یا بین الاقوامی سطح پر کوئی بھی میڈل جیتے گا تو اُس کو نقد مالی انعام سے نوازا جائے گا۔