عرب ممالک کی جانب سے تعلقات ختم کرنے کے بعد قطر سب سے بڑی مشکل میں پڑ گیا ،بڑ ا خطرہ پیدا ہو گیا

عرب ممالک کی جانب سے تعلقات ختم کرنے کے بعد قطر سب سے بڑی مشکل میں پڑ گیا ،بڑ ا ...
عرب ممالک کی جانب سے تعلقات ختم کرنے کے بعد قطر سب سے بڑی مشکل میں پڑ گیا ،بڑ ا خطرہ پیدا ہو گیا

  

دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )قطر میں 2022 کے فٹ بال عالمی کپ کے لیے میدان تیار کرنے والی مغربی کمپنیوں نے دوحہ اور خلیجی ممالک کے درمیان اختلاف حل نہ ہونے کی صورت میں قطر سے کوچ کرنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ اس بات کا انکشاف برطانوی اخبار "ٹیلی گراف" کی رپورٹ میں کیا گیا۔

العربیہ نے برطانوی اخبار ’ٹیلی گراف ‘ کے حوالے سے کہاہے کہ بہت سی عالمی تعمیراتی کمپنیاں اس وقت قطر کو چھوڑنے یا وہاں موجود اپنے ملازمین کی تعداد کم کرنے کے پلان بنا رہی ہیں۔ یہ اقدام قطر پر ممکنہ طور پر عائد کی جانے والی نئی اقتصادی پابندیوں کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔ ان پابندیوں کا اثر قطر میں جاری تعمیراتی منصوبوں پر بھی پڑے گا۔

دوحہ نے سال 2022 میں فٹبال عالمی کپ سے پہلے مکمل کیے جانے والے ان منصوبوں کے لیے 160 ارب پاو¿نڈ کی خطیر رقم مختص کی ہوئی ہے۔ ان منصوبوں میں عالمی سطح کے 8 فٹبال اسٹیڈیموں کی تعمیر ، دوحہ میں مٹرو ٹرین نیٹ ورک کا قیام اور ہوٹلوں کے 60 ہزار نئے کمروں کی تیاری شامل ہے۔کھیل کے میدانوں کی تعمیر میں امریکی اور برطانوی سِول انجینئرنگ فرمز اور تعمیراتی کمپنیاں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ 

تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کے ذریعے نے موضوع کی حساسیت کے سبب نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ قطر پر نئی ممکنہ پابندیاں ان کمپنیوں کو قطر چھوڑنے پر مجبور کر دیں گی۔ ذریعے کے مطابق اس حوالے سے ایک ٹیم ہنگامی پلان پر کام کر رہی ہے اور مزید پابندیوں کی صورت میں تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں کو دوبارہ سے اپنے کھاتوں کا جائزہ لے کر قطر میں ٹھہرنے یا کوچ کر جانے کا فیصلہ کرنا ہو گا۔

مزید : عرب دنیا