سندھ میں زمینوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے، پیسے خزانے کی بجائے جیبوں میں جارہے ہیں ، ڈی جی نیب سندھ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈی جی نیب سندھ محمد الطاف باوانی نے کہا ہے کہ سندھ میں زمینوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے ، زمینوں کے پیسے خزانے کی بجائے جیبوں میں جار ہے ہیں ،نیب کا قانون وفاق کابنایا ہوا ہے لہذا نیب اپنا کام کرتا رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے پرواگرام آ ج کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا.
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے نیب آرڈیننس میں ترمیم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا نیب کا قانون قومی اسمبلی کا منظور شدہ ہے اور ہم وفاق کے زیر اہتمام کام کر رہے ہیں اور اسے جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ سندھ میں زمینوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے ، نیب میں مقدمات سے لوگ پریشان ہیں جس کی وجہ سے ہاتھ پاﺅں مارنے شروع کئے ہیں ، زمینوں کے پیسے خزانے کی بجائے کچھ لوگوں کی جیبوں میں جار ہے ہیں ، نیب واحد ادارہ ہے جو کرپشن پر نظر رکھے ہوئے ہیں ہم کل 5سو کیسز پر کام کر رہے ہیں جو بڑے اہم اور ان میں بڑی کرپشن آئی ہے ۔