بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،سمال ٹریڈرز چیمبر

بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،سمال ٹریڈرز چیمبر

اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس سے ملکی خسارے اور زرمبادلہ کے ذخائرپر دباؤ میں اضافہ ہو گا۔ تیل مہنگا ہو گا تو بجلی بھی مہنگی ہو گی جس سے پیداوار اور برامدات متاثر ہونگی اس لئے درامدی تیل اور گیس پر انحصار کم کر نے کیلئے ڈیم بنائے جائیں۔عوام اسی جماعت کو ووٹ دیں جوملک بھر میں جنگی بنیادوں پر ڈیم بنانے کا وعدے کرے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہملک میں ڈیموں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا جائے کیونکہ تاخیر سے ملک کا انحصاردرامدی ایندھن پر مسلسل بڑھ رہا ہے جس سے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ملک میں 197 ملین ایکڑ اراضی قابل کاشت ہے مگر پانی کی کمی کی وجہ سے صرف52 ملین ایکڑ پر کاشت ہو رہی ہے۔

زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کیلئے نئے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے کیونکہ ملک میں موجود میگا ڈیموں کی استعداد میں تیزی سے کمی آ رہی ہے جبکہ زیر زمین پانی کی مقدار میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ سے امپورٹ بل بڑھ جاتا ہے جس سے خسارہ جنم لیتا ہے اور حکومت غیر ملکی اداروں سے قرض لینے پر مجبور ہو جاتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نئے بجلی گھروں کی تعمیر کے علاوہ پرانے بجلی گھروں اور بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نظام کو بھی توجہ دی جائے۔پرانے بجلی گھروں کی مرمت اور بحالی سستا آپشن ہے جس سے بجلی کی پیداوار میں سو فیصد ہو سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے با اثر افراد نے اپنی جیبیں بھری ہیں جن کا احتساب کیا جائے۔ سولر پاک اور دیگر ناکام منصوبوں پر اربوں روپے ضائع کئے گئے ہیں جس کا حساب لیا جائے۔

مزید : کامرس