فلم میں غیرملکی فنکاروں کو کاسٹ کیاجائے :شازیہ شاہ

فلم میں غیرملکی فنکاروں کو کاسٹ کیاجائے :شازیہ شاہ
فلم میں غیرملکی فنکاروں کو کاسٹ کیاجائے :شازیہ شاہ

  

لاہور(فلم رپورٹر)اداکارہ و ماڈل شازیہ شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی فیشن کے گرینڈ ایونٹس کا رجحان زور پکڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے تواب ہمارے ہاں بھی کچھ ایسا ہی رجحان زورپکڑچکا ہے۔ فیشن کے گرینڈ ایونٹس کا انعقاد یہاں کم ہے لیکن جب بھی ان کا انعقاد ہوتا ہے توپھرلوگ اس کا بے صبری سے انتظارکرتے ہیں۔ اگراسی طرح میوزک پروگراموں کا انعقاد بھی جاری رہے گا تواس سے پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فیسٹیولز کی تعداد انتہائی کم ہے۔ اگرہم اس سلسلے کوبھی آگے بڑھائیں اوربین الاقوامی معیارکے ایونٹس کا انعقاد باقاعدگی سے کریں تواس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔ اسی طرح اگرہم فلم انڈسٹری کی بات کریں توبلاشبہ پاکستانی فلمیں اب اچھی بنائی جارہی ہیں لیکن اس کوپاکستان سے باہرپہنچانے کیلئے ہمیں کچھ نئی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔شازیہ شاہ نے کہا کہ جس طرح ہم بیرون ممالک فیشن ایونٹس کرتے ہیں تووہاں کی مقامی ماڈلز بھی ریمپ پرجلوہ گرہوتی ہیں، اگراسی طرح پاکستانی فلموں میں دوسرے ممالک کے فنکاروں کو بھی کاسٹ کیاجائے تواس کے اچھے نتائج ملیں گے اورہمیں انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی میں بھی مدد ملے گی۔شازیہ شاہ ں نے کہاکہ نئی آنے والی اداکارائیں اچھا کام کررہی ہیں مگر ان کو مزید محنت کرنی ہو گی کیونکہ بالی ووڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں سخت سے سخت محنت کرنی پڑتی ہے ۔

مزید : کلچر