نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،ثوبیہ کمال

نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،ثوبیہ کمال

لاہور (پ ر) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ثوبیہ کمال نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔نگران حکومت نے صرف ایک ماہ میں ہی دومرتبہ پٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کے نرخوں کو بڑھا کر ثابت کر دیا ہے کہ انہیں بھی عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لے ورنہ عوام شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ڈیزل پر 44 اور پٹرول پر 32روپے ٹیکس وصول کررہی ہے جس سے سالانہ850ارب روپے سے زائد عوام کی جیبوں سے لوٹے جارہے ہیں۔

چند دن پہلے چیف جسٹس نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے اور ٹیکسز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران 10دن میں قیمتوں میں کمی کافارمولہ لانے کاحکم صادر کیا تھا مگر بدقسمتی سے حکومت اور متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ قیمتوں میں کمی کافارمولہ عدالت عالیہ میں پیش کرنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کردیاگیا ہے جو کہ سپریم کورٹ کے احکامات کامذاق اڑانے کے مترادف ہے

مزید : میٹروپولیٹن 4