عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو ممکن ہوا کریں گے،ڈاکٹر حسن عسکری

عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو ممکن ہوا کریں گے،ڈاکٹر حسن عسکری

لاہور(جنرل رپورٹر،ایجوکیشن رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے کہا ہے کہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے، دکھی انسانیت کیلئے کئے گئے اقدامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ہونا چاہیے، نگراں حکومت طویل المدت منصوبے نہیں دے سکتی۔ پیر کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب عسکری سے وزیر صحت ڈاکٹر جواد ساجد نے ملاقات کی، ملاقات میں صحت عامہ کیلئے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے حسن عسکری نے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوامی فلاح کے جاری منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کرتے رہیں گے، نگراں حکومت نئے طویل المدت منصوبے نہیں دے سکتی، آئینی حدود میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے، صحت عامہ کے منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ بے حد ضروری ہے، دکھی انسانیت کیلئے کئے گئے اقدامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ہونا چاہیے، ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر ہونی چاہئیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر بلدیات ، توانائی اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظفر محمود نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہ ملاقات کے دوران عام انتخابات کی تیاریوں، انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور مون سون و ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے اور پولنگ سٹیشنز پر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عام انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس اہم قومی مقصد کے حصول کیلئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ 25 جولائی کو پولنگ کیلئے پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی کیلئے ویڈیو کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی اور الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی ہر صورت پابندی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جائے اورکسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر نیاز احمد اختر اور وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے ملاقات کی ۔نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کے ساتھ وزیر اعلی آفس میں الگ الگ ملاقاتوں میں وائس چانسلرز نے اپنے تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور تعلیمی شعبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔ جدید تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ میں ہی ترقی کا راز مضمر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے سکل ڈویلپمنٹ اور جدید علوم پر توجہ دی ہے وہ ترقی کی دوڑ میں آگے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کیلئے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے جو کچھ ممکن ہوا لازمی کریں گے ۔

حسن عسکری

مزید : صفحہ اول