70ء کے بعد پہلی بار تبدیلی کا موقع ، یہ انتخابات ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ، پارٹی منشور میں کسانوں کو خصوصی پیکیج دینگے 5سال میں ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا : عمران خان

70ء کے بعد پہلی بار تبدیلی کا موقع ، یہ انتخابات ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرگودھا(بیورورپورٹ) تحریک انصاف چیئر مین عمران خان نے کہا ہے انتخاب کیلئے پارٹی ٹکٹ سروے کرا کے میرٹ پر دیئے گئے ہیں، بد قسمتی سے سب امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیئے جا سکتے، ناراض امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کی غلطی نہ کریں۔ میں ٹکٹ نہ ملنے پر معذرت چاہتا ہوں۔ ٹکٹ سے محروم رہنے والوں کیلئے پارٹی میں بہت جگہ ہے، اگلے 5روز میں پارٹی کا منشور پیش کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع سیال شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، لالیاں سے تحریک انصاف کے امیدواروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عمران خان نے کہا کہ25 جولائی کو ہونے والا الیکشن ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔1970 کے بعدپہلی بار پاکستان میں تبدیلی کا موقع آیا ہے یہ پاکستان کی قسمت کا رخ بدلنے کا موقعہ ہے۔ پانچ سالوں کے دوران ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کیلئے پارٹی ٹکٹ سروے کرا کے میرٹ پر دیئے گئے ہیں، بد قسمتی سے سب امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیئے جا سکتے، ناراض امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کی غلطی نہ کریں۔ میں ٹکٹ نہ ملنے پر معذرت چاہتا ہوں۔ ٹکٹ سے محروم رہنے والوں کیلئے پارٹی میں بہت جگہ ہے، تحریک انصاف چند روز میں پارٹی منشور دے رہی ہے۔ جس میں کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج ہو گا۔ موجودہ حکومت نے کسانوں کو بدحال کر دیا ہے۔ کسانوں کی خوشحالی سے ملک کی خوشحالی ہے، پانچ سال میں ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ روپے کی قدر گرنے سے غریب آدمی غریب سے غریب تر ہو گیا، بجلی گیس ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی، موجودہ ا لیکشن میں امیدواروں کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، امیدوار آج ہی سے گلی محلوں سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور عوام کو پاکستان کی تقدیر بدلنے کا کہیں ،دریں اثناء تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان دورہ سیال شریف کے دوران ناراض امیدواروں کو راضی نہ کر سکے ،، نور حیات کلیار کے سوا دیگر امیدوار سیال شریف نہیں آئے،مقامی اور مرکزی رہنماؤں کے رابطے پر بھی امیدوار نہ پہنچے۔ عمران خان نے دورہ سیال شریف کے موقع پر کہا کہ ناراض ساتھیوں سے ٹیلیفون پر معذرت کرونگا، دوران میڈیا بریفنگ پی ٹی آئی کے پی پی 88 کے امیدوار نعیم الدین سیالوی کا نا معلوم چور موبائل اور پرس لے اڑا۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئر مین عمران خان پی ٹی آئی کے ناراض مقامی رہنما ممتاز اختر کاہلوں کو قائل نہ کر سکے، گزشتہ روز عمران خان سیال شریف دورہ کے بعد واپسی پر ممتاز اختر کاہلوں کی رہائشگاہ پر گئے، جہاں پر مقامی اور مرکزی رہنماؤں کی عمران خان کے ساتھ بند کمرے میں میٹنگ ہوئی۔اس کے بعد ممتاز کاہلوں کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کے بجائے پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کرنے کا کہا اور یقین دہانی کرائی گئی کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر چلنے والے کارکنوں کو پارٹی میں جائز مقام دلایا جائے گا، جس پر ممتاز کاہلوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مشاورت کر کے بتانے کا کہا۔ اس موقعہ پر رہائشگاہ میں موجود ورکروں نے لوٹے لوٹے کے نعرے لگائے۔ پیر کوپی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سرگودھا میں درگاہ سیال شریف پر حاضری دی اور اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین سیال شریف صاحبزادہ قاسم سیالوی سے عام انتخابات میں حمایت کی اپیل بھی کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔ اگلے 3ہفتے میں مقابلہ ہوگا، کبھی بھی اپنے مخالف کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے، ہمیں گلیوں اور سڑکوں میں نکل کر لوگوں سے ملنا ہے اور لوگوں کو پیغام دینا ہے لوگ تبدیلی کے انتظار میں ہیں۔
عمران خان

مزید :

صفحہ اول -