ٹکٹ پر بیان حلفی کا معاملہ عمران خان کل الیکشن کمیشن میں طلب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ٹکٹ پر بیان حلفی سے متعلق درخواست پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کوکل بروز منگل4 جولائی کو طلب کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے تحریک انصاف میں ٹکٹ کی درخواست دینے والوں سے بیا ن حلفی لینے کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔درخواست پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیدوار ملک منیر نے دائر کی جن کے وکیل نے بینچ کے رو بر و مؤقف اپنایا کہ تحریک انصاف نے امیدواروں سے غیر قانونی بیان حلفی لیا اور ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی چھوڑنے اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑ نے سے روکا گیا۔دوران سماعت الیکشن کمیشن پنجاب کے ممبر الطاف ابراہیم قریشی نے کہا سیاسی جماعت کا ٹکٹ اس کی شرائط پر ہی ملتا ہے، کیا ایسے بیان حلفی دیگر جماعتوں نے بھی لیے ہیں؟اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا تمام جماعتیں اس طرح سے حلف لے رہی ہیں جو غیر قانونی ہے اور کسی پارٹی کے منشور کا حصہ نہیں، سیاسی جماعت کسی کو آزاد الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتی۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 4 جولائی کیلئے نوٹس جاری کردیا۔
عمران طلبی