شیخ رشید سے کوئی تعلق نہ انکی انتخابی مہم کیلئے دورہ کیا،چیف جسٹس کی وضاحت

شیخ رشید سے کوئی تعلق نہ انکی انتخابی مہم کیلئے دورہ کیا،چیف جسٹس کی وضاحت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز شیخ رشید کی درخواست پر زچہ و بچہ راولپنڈی ہسپتال کے دورے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرا شیخ صاحب سے کوئی سیاسی تعلق نہیں ہے اور ہم لوگوں کیلئے گئے کسی کی انتخابی مہم کیلئے نہیں۔اس موقع پر شیخ رشید نے چیف جسٹس سے کہا کہ ایک طبقہ آپ کے خلاف مہم چلا رہا ہے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کل یہ تاثر دیا گیا کہ میں کسی کی مہم پر گیا ہوں، آپ کو لوگ ووٹ دیں یا نہ دیں ہمیں کوئی سروکار نہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شیخ صاحب آپ کی اپنی سیاست ہے، میرا اس سے کچھ لینا دینا نہیں۔دوسری طرف سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے راولپنڈی کے زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر کے معاملے کی کمیٹی روم میں سماعت کی۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وہ کس نتیجے پر پہنچے ہیں؟ اور کہاں ہے ٹھیکیدار؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹھیکیدار نہیں آسکا۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پی ڈبلیو ڈی اس میں جائز طریقے سے کام کرے، کسی سے ناانصافی نہ ہو جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس معاملے پر ایک ڈاکٹر کی سربراہی میں دو روز میں کمیٹی بن جائے گی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کمیٹی ہسپتال کی مشینری کی خریداری اور دیگر معاملات کو دیکھے گی اور سارا کام ہسپتال کا ایک ساتھ شروع ہوگا، جو کہ 18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پی ڈبلیو ڈی حکام کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر کے لیے نگران کمیٹی بنائی جائے جس میں سپریم کورٹ کا نمائندہ بھی شامل ہو۔چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی طرف سے ایڈیشنل رجسٹرار خواجہ داؤد کو کمیٹی میں شامل کرنے اور ہسپتال کی تعمیر سے متعلق ماہانہ رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہسپتال کی تکمیل کیلئے وزارت خزانہ سے پریشانی آسکتی ہے، اگر ضروری سمجھا تو ہر ماہ اس کی سماعت کریں گے۔

چیف جسٹس کی وضاحت

مزید : صفحہ اول