توفانی بارش ، پانی گھروں میں داخل ، بجلی کا نظام درہم برہم

توفانی بارش ، پانی گھروں میں داخل ، بجلی کا نظام درہم برہم

لاہور،راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں رات گئے موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا ،بارش کے باعث لیسکو کے 215فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے،فیصل آباد،شیخوپورہ،نارووال،سیالکوٹ،ڈسکہ،کا ہنہ،فیروز والا،پتوکی ،راولپنڈی میں بھی موسلادھار بارش ،نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی،لاہور سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر،بیرون ملک جانے والی7 پروازیں تاخیر کا شکار،ڈی سی او لاہور نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ 24گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

بارش

لاہور(جاوید اقبال) واسا نے مون سون پلان میں ترامیم کر دی ہے جس کے تحت ایم ڈی واسا نے افسروں اور ملازمین کی 15ستمبر تک چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ شہر میں قائم کئے گئے 35ایمرجنسی مانیٹرنگ اینڈ شکایات سیل میں پمپوں اور عملہ کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے پینے کے پانی کی کمی کے خاتمے کے لئے دوران بارش بھی ٹیوب ویل چلائے جائیں گے ڈسپوزل اسٹیشنوں کے عملے کی نگرانی کے لئے ڈی ایم ڈی کو مانیٹرنگ آفیسر مقرر کر دیا ہے جس کے لئے ایم ڈی واسا نے زاہد عزیز سید نے باقاعدہ طور پر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے اس حوالے سے قبل ازیں اجلاس ہوا جسے ایم ڈی واسا نے ہنگامی طور پر طلب کیا تھا جس کی صدارت ایم ڈی واسا نے کی جبکہ ڈی ایم ڈی آپریشن اسلم نیازی ڈی ایم ڈی فنانس ڈائریکٹر ایڈمن مشتاق ٹوانہ سمیت دیگر ڈائریکٹر ز نے کی اجلاس میں مون سون کی بارشوں کے لئے عملے کو 24گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا جبکہ آپریشنل سٹاف کی ہر قسم کی چھٹیوں پر 15ستمبر تک پابندی عائد کر دی گئی ہفتہ وار اتوار کی چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی دریں اثناء ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے کہا کہ اس بار لاہور نہیں ڈوبے گا بارش کے ختم ہونے کے دو گھنٹو ں کے اندر پانی کا اخراج ممکن بنایا جائے گا جس کے لئے ڈسپوزل اسٹیشنوں پر عملے کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اسی طرح ایسے 22نشیبی علاقے جہاں بارش پانی جمع ہوتا ہے اس کی بروقت اخراج کو یقینی بنانے کے لئے ان علاقوں میں پمپوں اور عملے کی تعداد ڈبل کر دی گئی ہے سنٹرل کمپلینٹ سنٹر ہر وقت محکمہ موسمیات سے رابطے میں رہے گا ایم ڈی نے کہا کہ خدارا واسا کو گٹروں کے ڈھکن کھولنے سے باہر لایا جائے۔بارش ہونا اور پانی کھڑا ہونے کا ذمہ دار واسا نہیں ہے پانی نکالنے کی ذمہ داری واسا کی ہے ہم بارش کے خاتمے کے بعد پہلے دو گھنٹوں میں پانی کے اخراج کو یقینی بنائیں گے عوام ہمارا ساتھ دیں۔

واسا

مزید : صفحہ اول