نیب کا پشاور پیڈ بس اور سندھ کے پانی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم

نیب کا پشاور پیڈ بس اور سندھ کے پانی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پشاور ریپڈ بس ، تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں پانی کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق نیب چیئرمین نے پشاور ریپڈ بس منصوبے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی لاگت کیلئے 49.36 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا جو تاخیر کے سبب بڑھ کر 64 ارب روپے ہوگیا۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پشاور بس منصوبے کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لاگت میں اضافہ ہوگیا لہٰذا تاخیر کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبرپختون خوا کو انکوائری شروع کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ قومی سرمائے کے جائز استعمال کو یقینی بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب اپنا کام کرتا رہے گا۔چیئرمین نیب نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں پانی کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ نیب اعلامیہ کے مطابق سندھ حکومت نے من پسند کمپنی (پاک اوواسسز) کو450 آر او پلانٹ لگانے کا ٹھیکہ دیا اور منصوبے کی طے شدہ رقم 5 ارب روپے بھی ادا کر دی گئی جبکہ کمپنی نے تاحال چند ہی پلانٹس لگائے اور وہ بھی مکمل طور پر فعال نہیں ہیں جبکہ لگائے گئے بیشتر آر او پلانٹس دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بند ہوگئے۔نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب نے تھر میں آر او پلانٹس کا پانی ٹینکروں پر فروخت ہونے کا بھی نوٹس لیا ہے ۔ چیئرمین نیب نے حکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائے آراو پلانٹس کا منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی کمپنی کو پوری رقم کیسے اور کیوں ادا کر دی گئی۔علاوہ ازیں پشاور میں نیب ریجنل بورڈ خیبر پختونخوا کا اجلاس ہوا۔ نیب بیورو نے محکمہ جیل خانہ جات، خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور بلدیاتی حکومت میں خورد برد اور کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔ نیب نے ایجنسی سرجن مہمند کے خلاف بھی کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔
نیب/تحقیقات

مزید :

صفحہ اول -