حادثات و دیگر واقعات میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

حادثات و دیگر واقعات میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

قصور،شیخوپورہ ،ننکانہ،واربرٹن (بیورو رپورٹ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ پاکستان )چوک رائے ونڈ روڈ علامہ اقبال ہائی سکول قصور کے قریب بجلی درست کرتے ہوئے واپڈا لائن مین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق سب ڈویژن سول ایریا قصور کا لائن مین شہزاد رشیدرائے ونڈ روڈ علامہ اقبال ہائی سکول کے نزدیک پول پر چڑھ کر بجلی کی سپلائی درست کررہا تھا کہ اچانک بجلی کا زور دار جھٹکا لگا اور وہ نیچے گر پڑااور موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔مرحوم کی نماز جنازہ کوٹ بڈھا قصور میں ادا کی گئی جس میں ایکسےئن سٹی واپڈا جمشید زمان ،پی اے محمدعمران،ایس ڈی او لائن سپرنٹنڈنٹ مسعود احمد و دیگر واپڈا اہلکاران نے شرکت کی۔مرحوم کو اس کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔کھڈیاں کے نواحی گاؤں قبر کوٹ میں نوجوان بجلی درست کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق کھڈیاں کے نواحی گاؤں قبر کوٹ کا رہائشی22سالہ عثمان اپنے گھر کی بجلی کی وائرنگ درست کررہا تھا کہ اچانک کرنٹ آجانے سے اسے زور دار جھٹکا لگا اور وہ زمین پر گر گیا اور گرتے ہی موقع پر دم توڑ گیا ۔متوفی کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی اسی طرح کنگن پور کے نواح میں اہلخانہ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر محمدعمر نامی شخص نے دریائے ستلج میں چھلانگ لگا دی اور وہ گہرے پانی میں ڈوب جانے سے جاں بحق ہو گیا۔ اسکی نعش کی تلاش جاری ہے۔کالا خطائی موڑ مریدکے کے قریبی سیم نالہ کے پل سے پاؤں پھسلنے کے باعث 5سالہ بچہ مہران علی ولد شہزادسکنہ دندیاں گاؤں کالا خطائی سیم نالہ میں گر گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کے غوطہ خوروں نے سیم نالہ میں نعش تلاش کی لیکن بچے کی نعش پانی میں چلتے ہوئے نہر سے جاملی بچے کی نعش کو دیکھ کر ورثادھاڑیں مار مار کرروتے رہے ،ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بچہ سوئے پر کھیلتے ہوئے پاوں پھسلنے کی وجہ سے پانی میں جاگرااور جان بحق ہوگیا۔ ٹریفک کے مختلف حادثات میں چارخواتین سمیت 14 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ ٹاؤن شاہکوٹ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل راہگیر کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں 55سالہ اعجاز اور43سالہ خورشید شدید زخمی ہو گئے۔ شاہ کوٹ شہر میں تیز رفتار موٹر سائیکل اور ٹرالے کے تصادم میں 32سالہ امیرخان ،25سالہ عرفان اور24سالہ محمد عمران گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ سر راہ ہوٹل مانانوالہ کے قریب ایک تیز رفتا رموٹر سائیکل پر سوار 24 سالہ میمونہ بی بی اچانک جمپ لگنے کے باعث چلتی موٹر سائیکل سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ گرڈ اسٹیشن کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پھسل جانے کے باعث 40سالہ شہباز اور50سالہ محمد یعقوب شدید زخمی ہو گئے۔ ننکانہ وار برٹن روڈ پرگاؤں پیڑی والا سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کے ٹائر میں ڈوپٹہ پھنس جانے کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 16سالہ لاڈیہ بی بی گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ بگی مسجد سٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہو گئی جس کے نتیجہ میں 15سالہ علی حسنین گر کر شدید زخمی ہو گیا ۔

گاؤں کوٹ وارسٹاپ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل پر سوار 16سالہ کوثر پروین اچانک جمپ لگنے کے باعث چلتی موٹر سائیکل سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئی۔ بچیانہ بائی پاس ننکانہ صاحب کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل کے سامنے اچانک کتا آ گیا جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار 37سالہ محمد آ صف گر کر شدید زخمی ہو گیا علاوہ ازیں ریلوے روڈ پر واقع گوردوارہ تنبو صاحب کے قریب تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں 60سالہ محمد اسلم اور19سالہ عاصمہ بی بی گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ مریدکے سے شیخوپورہ آنے والی مسافر ٹیوٹا ویگن شیخوپورہ روڈ سیکھم کے قریب ٹائرپھٹنے سے الٹ کر کھیتوں میں جاگری ،حادثہ کے نتیجہ میں نوجوان،بوڑھے اوربچوں سمیت9 خواتین شدید زخمی ہوگئیں ٹریفک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کے اہلکاروں نے طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کے ایمرجنسی میں منتقل کردیا ہے جہاں پران کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،ریسکیواہلکاروں کے مطابق مسافر ٹیوٹا ویگن کے ٹائر کمزور ہونے کی وجہ سے ٹیوٹا ویگن کا اچانک ٹائر پھٹ گیا اورٹیوٹا ویگن قلابازیاں کھاتی ہوئی مونجی کے کھیتوں میں جاگری جسکے نتیجہ میں دوخواتین سمیت4مسافروں کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں جبکہ دیگر دیگر پانچ زخمی مسافروں سمیت تمام مضروبان کو ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ کے ایمرجنسی میں منتقل کردیا گیا جہاں پر ان کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ،شدید زخمیوں میں مظہر عباس ولد محمد عباس35سالہ سکنہ سٹی مریدکے ،عصمت بی بی زوجہ نصر اللہ 50سالہ سکنہ نارنگ منڈی،عابدہ بی بی زوجہ سلیم40سالہ سکنہ نارنگ منڈی شامہ ہیں جن کو لاہور کے ہسپتال میں ریفرکردیا گیا ہے۔

حادثات

مزید : علاقائی