100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز،شعیب ملک دنیا کے پہلے کھلاڑی

100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز،شعیب ملک دنیا کے پہلے کھلاڑی

ہرارے(اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں میچز کی سنچری مکمل کر لی، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے پیر کو زمبابوے میں جاری سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شرکت کر کے یہ کارنامہ انجام دیا، انہوں نے سابق ہم وطن کھلاڑی شاہد آفریدی کا زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 99 میچز کھیل رکھے تھے، شعیب ملک نے 2039 رنز بنا رکھے ہیں۔ملک نے دوروز قبل کھیلے گئے زمبابوے کے خلاف سہ ملکی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میں کیریئر کے 99ویں میچ میں 2 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم بھی یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں، گپٹل 2271 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔

، میک کولم 2140 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی