راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی، حنیف عباسی

راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی، حنیف عباسی

راولپنڈی ( این این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنماء و امیدوار حلقہ این اے 60 محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی کی عوام ترقی کو ووٹ دے گی ۔ ہم نے پنڈی کی عوام کی خدمت کی ہے اور پنڈی کی عوام صرف شیر کو ووٹ دے گی مسلم لیگ ن نے ملک کو تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن کیا لوڈ شیڈنگ کے سب سے دیرینہ مسئلے کو حل کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 74 شکریال گلستان کالونی مریڑحسن میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 25 جولائی نام نہاد لیڈروں کی سیاست کا آخری دن ہو گا۔ ن لیگ راولپنڈی کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ راولپنڈی کی تمام یونین کونسلوں میں مسائل کو دن رات محنت کر کے حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے نام پر سیاست کرنے والے سیاسی اداکار کو پنڈی کے لوگ مسترد کر چکے ہیں اور 25 جولائی کو تاریخی شکست دیکر ان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ جب بھی بر سراقتدار آئی ہے اس نے ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے ہیں سی پیک جیسا عظیم الشان منصوبہ بھی مسلم لیگ کی حکومتوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے ہزاروں کے حساب سے لوگوں کو روزگار میسر آیا ہے اس بار پھر مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر پورے ملک میں اپنی مرکزی حکومت بنائی گی اور ایک دفعہ پھر سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔

مزید : علاقائی