سرکاری ملازمین کی تنخواہیں سول سیکرٹریٹ کے برابر کرنے کی درخواست پرچیف سیکرٹری پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری

سرکاری ملازمین کی تنخواہیں سول سیکرٹریٹ کے برابر کرنے کی درخواست پرچیف ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات سول سیکرٹریٹ پنجاب کے ملازمین کے برابر کرنے کے لئے دائر درخواست پرچیف سیکرٹری پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزاروں کے وکیل ملک اویس خالد نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے ماسوائے سول سیکرٹریٹ پنجاب بھر کے دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک کی پالیسی نافذ کر رکھی ہے،پنجاب سیکرٹریٹ میں سرکاری ملازمین کو خصوصی ہاؤس رینٹ الاؤنس، خصوصی کنوینس الاؤنس، سپیشل الاؤنسز سے نوازاجا رہا ہے،سیکرٹریٹ کے ملازمین کو زائد تنخواہیں دے کر دیگر محکموں کے ملازمین سے امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔آئین کے تحت کسی شخص سے امتیازی سلوک نہیں برتا جا سکتا،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب کے سرکاری ملازمین کو یکساں بنیادوں پر الاؤنسز اور تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی، عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 7ستمبر کو جواب داخل کرنے کا حکم دیاہے۔

دوبارہ نوٹس جاری

مزید : علاقائی