بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ ، ملزموں کی شناخت ہو گئی، مقدمہ درج

بلاول بھٹو کے قافلے پر پتھراؤ ، ملزموں کی شناخت ہو گئی، مقدمہ درج

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر لیاری میں پتھراؤ کرنیوالے افراد کیخلاف مقد مہ درج کرلیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمان کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں 13 مقا می افراد اور 400 سے زائد نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں حاجی باوا، رفیق بنگورہ اور اسماعیل سمیت 13 مقامی افراد نامزد ہیں جبکہ مقدمے میں بلوا کرنے، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سٹی سمیع اللہ سو مر و کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کی ریلی پر پتھراؤ کرنیوالے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم ملزمان گزشتہ روز ہی علاقے سے فرار ہوگئے۔گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فون نمبرز سے ان کی لوکیشن مل گئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقہ انتخاب این اے 246 لیاری پہنچے اور ریلی کی صورت میں انتخابی مہم کا آغاز کیالیکن جیسے ہی ان کی ریلی بہار کا لو نی پہنچی تو علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور قافلے کو روک لیا۔ مشتعل مظاہرین نے پیپلز پارٹی کیخلاف نعرے بازی کی اور بلاول بھٹو کے قافلے میں موجود گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے جس کے بعد انہیں فوری طور پر علاقے سے واپس جانا پڑا ۔

مزید : صفحہ آخر