70ء کے بعد دوسری بار تقدیر بدلنے کا موقع،عوام کرپٹ نظام دفن کر دیں:عمران خان
ساہی وال /سرگودھا(رانا محمد اسلم سے )چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے اللہ نے 1970ء کے بعد دوسری بار عوام کو ملک کی تقد یر بدلنے کا موقع دیا ہے قوم کا فرض ہے 25جولائی کو اس کرپٹ نظام کو ہمیشہ کیلئے دفن ،ملک میں تبدیلی لائیں ،پانچ روز بعد پی ٹی آئی اپنے منشو ر کا اعلان کرے گی جس میں کسانوں کیلئے خصوصی پیکج دیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے امیدوار 25جولائی تک گلیوں سڑکوں اور ووٹرز کے گھروں پر نظر آئیں میں ان لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں ٹکٹ نہ دے سکا لیکن ٹکٹوں کی تقسیم سروے کروا کر اپنی طرف سے منصفانہ کی ،میاں نور حیات کلیار نے عمران خان کے کہنے پر حلقہ پی پی80تحصیل ساہیوال سے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا ،صاحبزادہ قاسم سیالوی اور پیر آف سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت کر کے محبت اور پیار دیا ،ان خیالات کا اظہار عمران خان نے دورہ سیال شریف کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، عمران خان جب سیال شریف ایک بہت بڑے قافلے کے ہمراہ پہنچے تو صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی،صاحبزادہ محمد نعیم الدین سیالوی نے انکا پرتپاک استقبال کیا ،عمران خان نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف خوا جہ محمد حمیدالدین سیالوی سے ملاقات کی اور ملک بھر میں پی ٹی آئی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی اسکے بعد عمران خان نے دربار شریف پر حاضری دی ،عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا 30سال قبل اسلام کی طرف ایک صوفی بزرگ نے راغب کیا اور کہا اللہ دو چیزوں انسان کی عاجزی اور نبی کریمؐ سے عشق کو پسند کرتاہے ،آج پیر سیال شریف سے ملکر دلی خوشی ہوئی انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کہا وہ مقابلہ کیلئے میدان میں اتریں عوام آپکی منتظر ہے ملک کو تبدیل کرنے کیلئے اور قوم کو راستہ بدلنے کیلئے اللہ نے عظیم موقع دیا ہے اس ملک کو گزشتہ پانچ سا لو ں میں تباہ و برباد کر دیا آج پاکستانی قوم مقروض ہے ڈالر125پر چلا گیا قرضے بڑھ گئے جو پاکستانی قوم ٹیکس کے ذریعے ادا کرے گی بجلی گیس ، پٹرول اتنا مہنگا کر دیا ہے غریب آدمی پر ظلم ہے اس وقت27ہزار ارب روپے کا قرضہ پاکستانی قوم کو ادا کرنا ہے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں پوری قوم تبدیلی کیلئے تیار ہے کسان پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے کسان خوشحال ہو گا تو ملک میں ترقی ہو گی عمران خان نے ٹکٹ نہ ملنے پر این اے90سے آزاد الیکشن لڑنے والے ممتاز کاہلو این اے92سے آزاد الیکشن لڑنیوالے میاں ظفر احمد قریشی پی پی79سے تحصیل سلانوالی سے آزاد الیکشن لڑنیوالے امیدوار نذیر احمد سوبھی کا نام لیکر کہا ان لوگوں نے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ، انہیں ٹکٹ نہ دینے پر ان سے معذرت چاہتا ہوں ،میری ان سے اپیل ہے آزاد الیکشن نہ لڑیں پی ٹی آئی برسر اقتدار آ کر اہم ذمہ داریاں سونپے گی، قبل ازیں صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی نے سیال شریف آمد پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پیر آف سیال شریف نے آپکی حمایت اسلئے کی کہ آپکے اندر چشتیا سلسلہ کا رنگ قابل دید ہے، مشکل حالات میں ملک میں تبدیلی لا نے اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کیلئے آپکے ساتھ ہیں پریس کانفرنس کے موقع پر سرگودھا خوشاب جھنگ اور دیگراضلاع کے امیدوار پی ٹی آئی کثیر تعداد میں موجود تھے عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد سیال شریف پہنچے ہوئے تھے کپتان اعلان کے باوجودکھلاڑ یوں سے خطاب نہ کر سکے جس پر کھلاڑی سراپا احتجاج تھے۔
عمران خان