کراچی گرین لائن ،ایک بس منصوبہ عوام کو بے بس کر گیا

کراچی گرین لائن ،ایک بس منصوبہ عوام کو بے بس کر گیا

کراچی (رپورٹ /نعیم الدین )سائیں سرکار کے اختتام کے بعد سندھ حکومت کے کام بھی سست روی کا شکار ہوگئے ہیں، بعض ترقیاتی کام تکمیل کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اختتام کے بعد کراچی میں گرین بس منصوبہ بھی سست روی کا شکار ہے جبکہ اس منصوبے کو 2018کے شروع میں مکمل ہوتا تھا۔ اس منصوبے میں سست روی کے باعث سڑک پر ٹریفک کے نظام میں بھی خلل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ہی طرح دیگر منصوبے برنس گارڈن کے باہر کورٹ روڈ پر بھی جاری کام سست روی کا شکار ہے جس کے باعث وہاں سے گذرنے والے عوام کو دشواری کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک کا نظام بھی کئی مہینوں سے متاثر ہے ۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک بڑے علاقے کو بند کیا گیا ہے ٹریفک کے نظام میں بھی خلل آرہا ہے جبکہ راستہ بند کرنے کے بعد پیدل چلنے والوں کو متبادل راستہ پختہ بنا کر نہیں دیا گیا، جس کے سبب بوڑھے اور بچوں کو وہاں سے گذرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس جگہ پائپ لائن ڈالنے کا کام بھی فٹ پاتھ کی کھدائی کرکے کیا گیا۔ اور اسے دوبارہ پختہ نہیں کیا گیا۔ کراچی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر میں بھی کام کی رفتار تیز نہیں ہے۔ بعض محکموں میں سرکاری افسران پچھلی حکومت سے چھٹیاں لے کر گئے ہوئے ہیں اور اب تک چھٹیاں منارہے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول