ہمارے ساتھ بھی ناانصافی ہو گئی، ضلعی صدر ملتان اعجاز جنجوعہ کے گلے شکوے

ہمارے ساتھ بھی ناانصافی ہو گئی، ضلعی صدر ملتان اعجاز جنجوعہ کے گلے شکوے

ملتان ( نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف ملتان کے ضلعی صدر اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018ء ؁ میں عوام تبدیلی اور انصاف کے نظام کے لئے عمران خان پر عملی طور پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کریں گے اور دنیا دیکھے گی کہ ایک قوم کس طرح کرپشن و لوٹ مار کے خلاف صرف تحریک انصاف کے حق میں متحد ہوئی ہے۔ عمران خان نے شب روز ایک کر کے پاکستان کے آئین و قانون کے تابع رہ کر کرپشن و لاقانونیت کے خلاف آواز بلند کی اور(بقیہ نمبر50صفحہ12پر )

اپنی نیک نیتی سے خیبر تا کراچی تحریک انصاف کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا۔ یہ اسی پیغام کی بدولت ہے کہ آج عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقہ میں عوامی احتساب کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پارٹی کے ضلعی دفتر ملتان میں پارٹی کی ضلعی ، تحصیل و سٹی تنظیم کی منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلم سعید قریشی، کیپٹن R ناصر مہے، یوسف ڈمرا، جواد امین قریشی، نادر نواز خان، سعدیہ بھٹہ ، ذہین کنول، امجد عباس،بابر کھوکھر، ڈاکٹر عارف ہانس ، نسیم خان اور ظفر مغل موجود تھے ۔ اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ پی پی 216کا ٹکٹ میرا حق تھا ۔ملک عامر ڈوگر نے منظم سازش کے تحت شاہ محمود قریشی پر دباؤ ڈالا کہ پی پی 216پر انکی مرضی کا امیدوار لایا جائے بہت سی سیاسی وجوہات و مفادات کی وجہ سے ملک عامر ڈوگر کے سامنے بے بس ہوئے ۔ پارٹی کی ضلعی، تحصیل و سٹی تنظیموں کو مکمل مسترد کیا گیا اور یہی وجہ ہے کہ ٹکٹ ایسے لوگوں کو دیئے جو پارٹی نظریہ سے متصادم ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ملتان میں ٹکٹوں کی غیر منصفیانہ تقسیم پر عوامی و سیاسی حلقوں سے سوالات سامنے آرہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع ملتان اس نا انصافی پر سر آپا احتجاج ہے اور ہمارا عمران خان سے مطالبہ ہے کہ وہ اس ناانصافی کا فوری ازالہ کریں ۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم سب پاکستان تحریک انصاف کا حصہ و اثاثہ ہیں اور پورے ضلع ملتان میں پارٹی کی کامیابی کے لئے ہر امیدوار کیساتھ شانہ بشانہ مہم میں شریک ہوں گے لیکن این اے 155 ملتان میں ملک عامر ڈوگر کی مہم کا احتجاجاً بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ملک عامر ڈوگر نے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے تاکہ مخالفین کے عزائم پورے ہوں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ملک عامر ڈوگر نے ہی خواتین کی مخصوص نشستوں پر اقرباء پروری کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کی فعال خواتین کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔ سلمان علی قریشی ، کیپٹنR ناصر علی مہ، معین الدین قریشی، ،ملک طاہر کھوکھر، اسلم سعید قریشی،ڈاکٹر خالد کھوکھر، ایوب گھلو، محمد بخش لانگ، خواجہ سلمان صدیقی، عقیل اعجاز انصاری، سمیت پارٹی کی خواتین رہنماؤں سعدیہ بھٹہ،قربان فاطمہ، ڈاکٹر روبینہ و دیگر کو بلا جواز مسترد کر کے مفاد پرست طبقہ کو فائدہ دیا گیا۔ 25جولائی کے عام انتخابات میں صرف عمران خان کی ذات کو ووٹ دیا جائے گا تاکہ وہ وزیر اعظم پاکستان بنیں اور اس کے بعد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کا عمل شروع ہو جہاں مفاد پرست ، قبضہ گروپ، بھتہ خور سمیت تمام جرائم پیشہ افراد عبرتناک سزا کے عمل سے دوچار ہوں ۔اس موقع پر شمائیلہ شاہ، ڈاکٹر شاہینہ انصاری، ڈاکٹر جام ذوالفقار، محسن جنجوعہ،سجاد علیزئی ، ڈاکٹر عاطف سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر