پی کے65میں عوام کی اے این پی میں شمولیتوں کا سلسلہ زور و شور سے جاری
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے پپی کے65میں وکٹیں گرانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ، مختلف سیاسی جماعتوں کی اہم سرکردہ شخصیات اور کارکنوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر اے این پی میں شامل ہو رہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کی جانب سے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد، مختلف یو سیز میں شمولیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ درجنوں افراد کی جانب سے باچا خان بابا کے قافلے میں شمولیت اے این پی پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے اور جو اعتماد انہوں نے کیا ہے انہیں کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے گھر جانے کے بعد عوام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اور اب حالات یکسر تبدیل ہیں ، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اے این پی کی کامیابی یقینی ہے اور حکومت میں آ کر دیرپا اور پائیدار امن کے قیام کیلئے کاوشیں جاری رکھیں ،اورتعلیم ،اور صحت کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں نا مساعد حالات کے باوجود ترقیاتی کاموں پر توجہ دی اور پائیدار امن کیلئے حتی الوسع کوششیں جاری رکھیں ، اس کے برعکس سابق حکومت نے صوبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور سرکاری خزانہ لوٹنے کے بعد صوبے کو اربوں روپے کے قرض میں ڈبو دیا جبکہ صوبے میں کوئی ترقیاتی منصوبہ تک نظر نہیں آ رہا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں جتنا نقصان سرکاری خزانے کو پہنچایا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، پشاور میں بیوٹیفیکیشن کے نام پر اربوں روپے ضائع کر دیا گیا ، بلین سونامی ٹری سمیت بی آر ٹی میں کرپشن کی انتہا کر دی گئی ،اے این پی پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کے اپنے دامن داغدار ہیں اور نیب میں ان کے خلاف کرپشن کی فائلیں کھل چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تاحیات نااہل کر دیا گیا پھر بھی پنجاب کے شہری ان کے ساتھ ہیں لہٰذا پختون اپنے رہنماؤں اور اپنے حقوق کا تحفظ کرنے والوں کو پہچانیں اور آنے والے الیکشن میں اے این پی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔