عوام پی پی اور ن لیگ کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں،اشرف قریشی

عوام پی پی اور ن لیگ کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں،اشرف قریشی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 253کے نامزد امیدوار اشرف قریشی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے اپنے حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گھر گھر رابطہ مہم مکمل کی اور علاقہ معززین اور عوام الناس سے ملے۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گھر گھر رابطہ مہم کے دوران پی ٹی آئی کارکنان اور عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے اشرف قریشی کا کہنا تھا کہ عوام پی پی اور ن لیگ کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں۔ آج پی پی اور ن لیگ کے امیدوار لوگوں کے ہاتھوں اپنا مستقبل انتخابی شکست سے دوچار دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف عوام کی پسندیدہ اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے ہیں اور اقتدار میں آکر بھی عوام کی خدمت کریں گے۔ گزشتہ حکومتوں نے پانی کے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مناسب منصوبہ بندی نہیں کی۔ اس لیے آج ہم ہندوستان کی ہٹ دھرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے پاس پانی سمیت ہر مسئلے کے حل کے لیے ایک منشور موجود ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر