لیاری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہونگے،سعید غنی
لیاری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہونگے،سعید غنی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ عوام کے پاس سب سے بڑا ہتھیار ووٹ کا ہے۔لیاری سے پی پی جیتے گی اور بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ جو ہمار ے سیاسی مخالف ہیں ان کی لسٹ ہم بہت جلد جاری کریں گے۔ چیف جسٹس سے نگراں وزیر اطلاعات جمیل یوسف کوبرطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔نگران حکومت کی مدت 6 ماہ ہو یہ کسی کی خواہش ہو سکتی ہے لیکن آئین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔لیاری واقعے کی ایف آئی آر پیپلزپارٹی سے معلومات لئے بغیر سرکار کی مدعیت میں درج ہوئی ہے،ایف آئی آر میں غلط معلومات دی گئی ہے،کل لیاری کے عوام کا شاندار استقبال کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوبلاول ہاوس میڈیا سیل میں ایم کیو ایم ارکان کی خواتین اور راشد منہاس شہید کی بھانجی راحیلہ منہاس کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔سعید غنی نے کہا کہ آج کچھ بہنیں ایم کیو ایم سے پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں،انکو خوش آمدید کہتے ہیں،گزشتہ روز جو واقعہ لیاری میں پیش آیا اسکی جو ایف آئی آر درج ہوئی ہم سے معلومات لئے بغیر سرکار کی مدعیت میں درج ہوئی ہے،ایف آئی آر میں چار یا ساڑھے چار سو لوگوں کا کہا گیا ہے جنہوں نے ہنگامہ کیا،یہ سراسر غلط ہے،کل عوام کی جانب سے ہمیں شاندار پذیرائی ملی تھی۔ہم لیاری کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں ویلکم کیا،جب ہمارا قافلہ جامعہ خان روڈ سے گزرا تو وہاں پتھرا ہوا،وہ علاقے کے چند شر پسند عناصر تھے جن کی وجہ سے ہماری 5 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے،اسکی ایف آئی آر الگ سے درج کرا رہے ہیں۔جو ایف آئی آر گزشتہ روز درج ہوئی ہے اس کے حوالے سے مشاورت جاری ہے کہ سرکارکی جانب سے درج ایف آئی آر کو جاری رکھیں یا نئی ایف آئی آر درج کرائی جائے۔سعید غنی نے میڈیا سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو عوامی احتجاج کا رنگ نہ دیا جائے،لیاری میں ہونے والے واقعے میں چیئرمین کی گاڑی کو کچھ نقصان نہیں پہنچا نہ ہی انکے پچھلے قافلے پر کوئی حملہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ کل عمران خان کے قافلے پر بھی چند لوگوں کی جانب سے انڈے برسائے گئے،عمران خان مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے،کیا وہ دہشتگرد ی نہیں تھی؟ کسی میڈیا نے اسکو ہیڈلائن نہیں بنایا جس طرح ہمارے قافلے کے ساتھ ہونے والے واقعے کو میڈیا نے غلط طریقے سے دکھایا ،اس سے معاشرے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔عوام کو بدگمان کیا جا رہا ہے،عوام کے پاس سب سے بڑا ہتھیار ووٹ کا ہے،وہ ووٹ نہ ڈال کر اپنی رائے کا اظہار کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری دوسری گزارش یہ ہے کہ یہاں کے موصوف نگراں وزیر اطلاعات جو ہیں انہوں نے کل ان خیالات کا اظہار کیا ہے جو انکے دل میں پیپلزپارٹی کے لئے ہیں،وہ پیپلزپارٹی پر تنقید کر رہے تھے کہ پیپلزپارٹی نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا،وزیر اطلاعات نے نگراں حکومت کی مدت 6 ماہ کئے جانے کی خواہش کا اظہار کیا،سعید غنی نے کہا کہ یہ صرف انکی خواہش ہو سکتی ہے آئین کے مطابق ایسا ممکن نہیں،الیکشن کرانا بھی نگراں حکومت کا کام نہیں ہے۔کل موصوف نگراں وزیر اطلاعات کے پیٹ میں بہت درد اٹھ رہا تھا،جبکہ انہوں نے ہی لیاری کے علاقے میں پانی دینے سے انکار کیا ہے کہ لیاری کے عوام ٹیکس جمع نہیں کراتے انکو پانی فراہم نہ کیا جائے۔سعید غنی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ نگراں حکومت میں ایسے لوگوں کی جگہ نہیں انکو فوری برطرف کیا جائے،اور ان جیسے خیالات کا جو بھی شخص کیبنٹ میں ہو اسکو بھی فوری برطرف کیا جائے،مزید کہا کہ آج ایم کیو ایم ارکان سے خواتین کے علاوہ راشد منہاس شہید کی بھانجی راحیلہ منہاس بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں،پیپلزپارٹی انکی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی سرگرمیاں پورے ملک میں ہونگی،یہ ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے اور نگران حکومت کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ ہمیں سیکیورٹی فراہم کرے۔