لاہور میں ریکارڈ بارش، عمران خان نے بھی شہبازشریف والا کام کر دیا

لاہور میں ریکارڈ بارش، عمران خان نے بھی شہبازشریف والا کام کر دیا
لاہور میں ریکارڈ بارش، عمران خان نے بھی شہبازشریف والا کام کر دیا

  

لاہور (ویب ڈیسک)لاہور میں طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیاہے اور ’پیرس‘ اس وقت دریا کا منظر پیش کررہاہے تاہم ایسے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موقع سے خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے شہبازشریف والا کام کر دیا اور قافلے کے ساتھ لاہور کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مال روڈ جی پی او کابھی دورہ کیا جہاں انہوں نے تیز بارش کے باعث پڑنے والے شگاف کا جائزہ لیا اور اس کے بعد وہ علیم خان اور جہانگیر ترین کے ہمراہ لکشمی چوک پہنچے جہاں شہریوں نے بھی ان کا خوب استقبال کیا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ عمومی طور پر شہبازشریف اسطرح کے دورے کیا کرتے ہیں جہاں وہ اپنی روایتی ہیٹ اور لمبے بوٹ پہنے کر عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے موقع پر پہنچ جاتے ہیں اور انٹرنیٹ پر ان کی متعدد تصاویر بھی موجود ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے لاہور میں بارش کے بعد کی صورتحال پر کہا کہ پیرس میں بارش ہوتو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں، پیسہ دیانتداری سے خرچ کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، شریف خاندان نے سارا پیسہ رائے ونڈ میں لگادیا۔انہوں نےکہا کہ شہباز شریف باہر نکلنے کے قابل نہیں، عوام میں بڑا غصہ ہے، آدھے پاکستان کے پاس تعلیم کے مواقع میسر نہیں،جہاں عوام کے پاس تعلیم نا ہو وہ یہی کہے گی کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے ۔

یاد رہے عمران خان نے انتخابی مہم چلانے کے لیے آج دو روزہ دورے پر کراچی پہنچا تھا مگر بارش کی وجہ سے عمران خان کی لاہور سے کراچی روانگی تاخیر کا شکار ہے، بارش کے وجہ سے عمران خان کا جہاز لاہور سے ٹیک آف نہ کر سکا۔عمران خان کراچی میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 243 کے علاوہ پی ٹی آئی کے امیدواروں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، علی زیدی، سیف الرحمن کے حلقوں میں بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

عمران خان ضلع غربی اور ضلع جنوبی میں اپنے امیدواروں عطاءاللہ، فیصل واڈا، ڈاکٹرعارف علوی، شکورشاد، خرم شیرزمان سمیت دیگرپارٹی رہنمائوں کے ہمراہ انتخابی حلقوں کا دورہ اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔شہبازشریف اوربلاول بھٹو کے بعد عمران خان انتخابی مہم کے سلسلے میں لیاری بھی جائیں گے، جہاں وہ پی پی سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے پارٹی امیدوارشکورشاد کے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور