وزیراعلیٰ کا عوام کو سہولت دینے کیلئے بڑا اقدام، اراضی کی دستاویزات کا حصول مزید آسان بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کا عوام کو سہولت دینے کیلئے بڑا اقدام، اراضی کی دستاویزات کا حصول ...
وزیراعلیٰ کا عوام کو سہولت دینے کیلئے بڑا اقدام، اراضی کی دستاویزات کا حصول مزید آسان بنانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے اراضی کی دستاویزات کا حصول مزید آسان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اراضی سینٹرز کیساتھ24 کمرشل بینکوں کے ذریعے بھی اراضی کی دستاویزات کا اجراء کیا جائے گا۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور24کمرشل بینکوں کے مابین سروس لیول کے معاہدے کے تحت بینکوں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ تک رسائی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک بھی اراضی کے دستاویزات کی تصدیق کرسکیں گے اورعوام اس نظام کے تحت کمرشل بینکوں سے اراضی کی دستاویزات بھی حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں سے کاشتکاروں کیلئے قرضے کے حصول میں بہت آسانیاں پیدا ہوں گی کیونکہ پہلے کاشتکار کوقرضے کیلئے کئی بار بینک اوراراضی سینٹر کے چکر لگانے کی زحمت کرنا پڑتی تھی لیکن اس نظام کے تحت کاشتکار کو قرضے کی فراہمی تین دن میں یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے نظام کے تحت مانیٹرنگ کا مو ثر میکانزم بنایا جائے اورکاشتکار کو قرضے کی ادائیگی مقررہ مدت میں ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی دستاویزات کے اجراء کا فیصلہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس اقدام سے عوام کو بے پناہ سہولت میسر آئے گی۔بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کیلئے علیحدہ کاؤنٹرزقائم کیے جائیں گے اور اس اقدام سے خدمات کے دائرہ کار میں وسعت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے پاکستان میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اس طرح کے مزید اقدامات کریں گے۔صوبائی وزیر ریونیو ملک محمد انور، چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری خزانہ، ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی،سٹیٹ بینک کے نمائندے اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔