حج آپریشن‘ ملتان میں انتظامات مکمل‘ ویکسی نیشن کا عمل تیز

حج آپریشن‘ ملتان میں انتظامات مکمل‘ ویکسی نیشن کا عمل تیز

ملتان (سپیشل رپورٹر)حج آپر یشن 2019ء کے سلسلے میں حاجی کیمپ ملتان میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ون ونڈو آپریشن کے لئے 15ہزار سکوائر فٹ پر مبنی ایئر کنڈیشن مارکی لگادی گئی ہے، حج آپریشن میں حصہ لینے والے بینکوں، ائیرلائنز کے کاؤنٹرز سمیت پاسپورٹ کاؤنٹر، کتابچہ(بقیہ نمبر54صفحہ12پر)

 کاؤنٹر، پیلا کارڈ کاؤنٹر، ویکسی نیشن کاؤنٹر، حج تربیت کاؤنٹر، حج تربیت خواتین کاؤنٹر، حج سٹال کاؤنٹر، فری واٹر کاؤنٹر، حج سپرنٹنڈنٹ کاؤنٹر سمیت 300سے زائد عازمین حج کے بیٹھنے کے لئے ویٹنگ ایریا بنایاگیا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام عازمین کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز ملتان سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں عازمین کی ویکسی نیشن کی گئی اور پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ حاجی کیمپ انتظامیہ کے مطابق ویکسی نیشن سمیت دیگر امور اتوار کو بھی سرانجام دئیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حج آپریشن 2019ء کے سلسلہ میں ملتان انٹرنیشنل  ائیر پورٹ سے پہلی حج پرواز 6 جولائی کو رات کو 2 بجے روانہ ہو گی، ائیر بلیو کی اس پرواز کے ذریعے 180 عازمین کو سعودی عرب روانہ کیا جائے گا، ملتان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے کل 40 حج پروازیں چلائی جائیں گی، ملتان سے شروع ہونے والے حج آپریشن میں پی آئی اے، ائیر بلیو اور سعودی ائیر لائن حصہ لیں گی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر