ایم کیو ایم کو اللہ کا واسطہ، پانی، سیوریج کے نظام کو تباہ نہ کرے،سعید غنی

  ایم کیو ایم کو اللہ کا واسطہ، پانی، سیوریج کے نظام کو تباہ نہ کرے،سعید غنی

کراچی (آن لائن)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت کے خلاف جو کچھ کرنا چاہے کرے لیکن اللہ کے واسطے کراچی کے شہریوں کے پانی اور سیوریج کے نظام کو تباہ نہ کرے۔گورنر سندھ کے پاس ایسا جادو ضرور ہے کہ سب رات 10 بجے کے بعد مدہوش ہوجاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبریں ماضی میں بھی پھیلائی جاتی رہی ہیں لیکن اس کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ ناکامی ہی ہوئی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گھوٹکی الیکشن کی مہم میں جانے کی وجہ سے وزارتوں سے مستعفیٰ ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم نے ناکام مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم آج بھی اپنی روائتی سیاست جس میں پہلے خود بندہ مارو، پھر اس کا جنازہ اٹھاتے، اس کی تدفین، سوئم، چہلم اور برسی مناتے ہیں اور اب یہ کام انہوں نے واٹر بورڈ کے معاملے پر بھی شروع کیا ہے کہ پہلے خود پانی اور سیوریج کے نظام کو تباہ کرتے ہیں اس کے بعد وہ انہی شہریوں کو لے کر احتجاج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل بھی ملیر نیشنل ہائی وے پر سیوریج کا سنگین مسئلہ ہوا اور وہاں بنائی گئی نئی سڑک کو بھی اس سے نقصان پہنچا اور جب وہاں واٹر بورڈ نے کام شروع کیا تو معلوم ہوا کہ لائن میں بہت بڑا پتھر پھنسا کر سیوریج کے نظام کو تباہ کیا گیا تھا۔ سعید غنی نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سے قبل ہمیں وفاق سے 15 ارب روپے جی ایس ٹی کی مد میں ملتے تھے اور جب یہ وفاق سے صوبے کے سپرد ہوئے تو ہم نے پہلے سال اس کو بڑھا کر 25 ارب اور چار سال میں اسے 100 ارب تک پہنچا دیا۔

سعید غنی

مزید : صفحہ آخر