احساس پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پناہ گاہیں قائم کریں گے،سعید الحسن

احساس پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پناہ گاہیں قائم کریں گے،سعید الحسن

لاہور (فلم رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ماضی کے میگا سٹرکچر منصوبوں کے برعکس پنجاب احساس پروگرام میں معاشرے کے پسماندہ، کمزور اور پسے ہوئے طبقوں کیلئے پہلے ہی سال میں 9ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ لاہور میں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ پروگرام کی کامیابی کے پیش نظرپنجاب احساس پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں پناہ گاہوں کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔تیزاب گردی جیسے قبیح جرم کا شکار افراد کی بحالی کے لیے 100ملین کی لاگت سے کندن پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت متاثرہ افراد کی سرجری سے فنی و پیشہ وارانہ تربیت اور گزر اوقات کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے وویمن انکم گروتھ پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت 8 ارب روپے کی خطیر رقم سے خواتین کی فنی تربیت اورباعزت روزگار کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہیومن کپیٹل انویسٹمنٹ پروجیکٹ کے تحت پنجاب کے 16غریب ترین اضلاع میں مشروط کیش ٹرانسفر کے ذریعے ماؤں اور نوزائدہ بچوں کی صحت اور نشوونما، تعلیم و تربیت اور خودکفالت کاپروگرام متعارف کروایا جارہا ہے۔ بچیوں کی ثانوی تعلیم کے اعتبار سے کم خواندگی والے 16اضلاع میں ثانوی تعلیم حاصل کرنے والی6 لاکھ سے زائد بچیوں میں ماہانہ وظائف کی تقسیم کے لیے 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ خدمت کارڈ کے تحت بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی سکول میں حاضری کو یقینی بنانے کیلئے90 ہزار سے زائد بچوں میں وظائف تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1