محکمہ سپیشل ایجوکیشن کامعذور افراد کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن قائم کرنیکافیصلہ

محکمہ سپیشل ایجوکیشن کامعذور افراد کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن قائم ...

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق کی زیر صدا ر ت سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اہم اجلاس، سیکرٹری راشد منصور، ڈی جی طاہر رضا ہمدانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ عملہ کی پروفیشنل ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ سے متعلق امور پر بھی بات گئی۔ اجلاس میں معذور افراد اور انکے اہل خانہ کی رہنمائی اور مشاورت کے لئے ہیلپ لائن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور میں رواں ماہ ہیلپ لائن سینٹر کا آغاز کیا جائے گا جہاں معذور افراد کی طبی اور نفسیاتی رہنمائی کے لئے ماہرین موجود ہوں گے۔اسکے علاوہ حکومت پنجاب کی جانب سے معذور افرادکو فراہم کی گئی سہولیات کی تفصیلات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر کے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور ڈگری کالجز میں معذور افراد کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مناسب رہنمائی اور آگاہی سے بہت سے خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکتی ہے۔ ہمارا مقصد خصوصی بچوں کو ضروری تربیت اور تعلیم کی فراہمی سے کارآمد شہری بنانا ہے۔ خصوصی بچے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں جنہیں تعلیم اور تربیت سے عام افراد جیسی زندگی گزارنے میں مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلی بار سپیشل ایجوکیشن پالیسی کا اجراء رواں سال کر دیا جائے گا جبکہ سپیشل افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لئے قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے پہلے پانچ سالہ منصوبہ کو بھی اسی سال حتمی شکل دیدی جائے گی۔ چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن سنٹرز میں جدید سہولیات کی فراہمی طلبہ و طالبات کی تعداد کو دوگنا کرنا ہمارا ہدف ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1