ڈالر کے مقابل میں روپے کی قدر بحال، سونا سستا، سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان 

ڈالر کے مقابل میں روپے کی قدر بحال، سونا سستا، سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا ...

کراچی (کامرس رپورٹر)ملکی کرنسی مارکیٹوں میں منگل کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری دیکھنے میں آئی اور انٹر بینک میں ڈالر 2.75روپے کی کمی سے158.25روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2.50روپے کی کمی سے157.50روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کواوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خریدمیں 2.50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید159.00روپے سے گھٹ کر156.50روپے اورقیمت فروخت160.00روپے سے گھٹ کر157.50روپے ہوگئی جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قیمت خرید 1.75روپے کی کمی سے159.50روپے سے گھٹ کر157.75روپے اور قیمت فروخت2.75روپے کی کمی سے161روپے سے گھٹ کر158.25روپے کی سطح پر آگئی۔دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت800روپے کمی 77800روپے کی سطح پر آگئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روزبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1ڈالرکے اضافے سے بڑھ کر1293ڈالرہوگئی لیکن امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آنے کے باعث کر اچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی،فی تولہ سونے کی قیمت800روپے کمی سے78600روپے سے گھٹ کر77800روپے اور10 گرام سونے کی قیمت686روپے کی کمی سے67387روپے سے گھٹ کر66701 روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت910.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت780.17روپے پرمستحکم رہی۔علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس310.78پوائنٹس کے اضافے سے34307.11پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روزفروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس33918پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیاتاہم بعد ازاں  مارکیٹ میں ریکوری آئی اور مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورکے ایس ای100انڈیکس310.78پوائنٹس کے اضافے سے34307.11پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر307کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے206کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،77کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 31ارب47کروڑ3لاکھ روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ڈالر/سونا/سٹاک مارکیٹ

مزید : صفحہ اول