جہانگیر ترین کس حیثیت سے پریس کانفرنس کررہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

جہانگیر ترین کس حیثیت سے پریس کانفرنس کررہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر زراعت اورجہانگیر ترین کی مشترکہ پریس کانفرنس پر مشیر اطلاعات و قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کس حیثیت سے سرکاری پلیٹ فارم سے پریس کانفرنس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت گروتھ ایمرجنسی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ سندھ حکومت کو تعاون کے مشورے دینے والے اپنے کرتوتوں پر نظر ثانی کریں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ زراعت کو تباہ کرنے والے زراعت پر باتیں کر رہے ہیں جو قوم کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے قوم آپکو اچھی طرح جان چکے ہیں اور وہ آپکے کسی نئے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین تو تحریک انصاف کی اے ٹی ایم مشین ہیں۔جہانگیر ترین ملک میں زراعت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔زراعت گروتھ ایمرجنسی کے نام پر کسانوں کو برباد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ سندھ حکومت کو تعاون کی نصیحتوں کے پلندے جہانگیر ترین اپنے پاس رکھیں۔ وزیر زراعت تو صرف دکھاوے کیلئے ہیں اصل پریس کانفرنس جہانگیر ترین نے کی پورا ملک جانتا ہے کہ جہانگیر ترین کی دولت سے تحریک انصاف کا ٹریکٹر چلتا ہے۔

مزید : صفحہ اول