موجودہ حالات میں ویڈیو جرنلسٹس کا کردار اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان 

موجودہ حالات میں ویڈیو جرنلسٹس کا کردار اہمیت کا حامل ہے: عاطف خان 

پشاور (سٹی رپورٹر)پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس میں گذشتہ روز نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے ایک پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے سپورٹس منسٹر عاطف خان تھے جبکہ پروگرام میں ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان  سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی اور کابینہ کے ارکان کے علاوہ ویڈیو جرنلسٹس فورم کے صدر شکیل صدیقی اور سپورٹس چیئرمین واحد خان و دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سپورٹس رائٹرز کی جانب سے ویڈیو جرنلسٹس فورم کے تمام ممبران کو قیوم سپورٹس کمپلیکس کے ممبر شپ کارڈز دیئے گئے۔ سپورٹس منسٹر عاطف خان اور ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان نے ممبران میں سپورٹس کارڈز تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عاطف خان نے ویڈیو جرنلسٹس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی واقعے کی کوریج کے لئے کیمرہ مین ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہیں اور ہم ان کے ذریعے کیمرہ کی آنکھ سے حقیقی صورتحال سے آگاہ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی نیشنل گیمز اور دوسرے علاقائی کھیلوں کی کوریج کیلئے ویڈیو جرنلسٹس اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر ویڈیو جرنلسٹس فورم کے صدر شکیل صدیقی نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے کھیل عاطف خان  ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان  سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز  جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی اور ان کی تمام کابینہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ کھیلوں کے حوالے سے ویڈیو جرنلسٹس اپنی تمام تر ذمہ داریاں بخوبی انجام دیتے رہیں گے اور انشااللہ نیشنل گیمز کی بہترین کوریج اور کامیابی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے 

مزید : صفحہ اول