شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اجلاس

شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اجلاس

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات اور اس کے ذیلی اداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عزیر خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی خواجہ فہیم سجاد، ڈبلیو ایس ایس پی اور اربن پلاننگ یونٹ کے حکام سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے وزیر بلدیات کو اپنے اداروں کی مجموعی کارکردگی، جاری اور مجوزہ منصوبوں، قوانین و بائی لاز کی تیاری اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی تحصیلوں میں سٹی لوکل گورنمنٹس بنانے کے حوالے سے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کے ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اتھارٹی کو فعال بنائیں، علاقے میں غیر قانونی تعمیرات پر عائد پابندی سختی سے برقرار رکھیں اور سیاحتی علاقے میں صفائی کے لیے مہم چلائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہوٹلز مالکان کو اپنی پارکنگ بنانے کا بھی پابند کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں تعطل کی روک تھام کی جا سکے۔ پشاور ترقیاتی ادارہ کے حکام نے ہاؤسنگ سوسائٹیز، شہر میں اونچی عمارات اور حیات آباد میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا اور اس حوالے سے تیار کیے گئے قوانین پر بحث بھی کی گئی اور انہیں مزید بہتر اور آسان بنانے کا اعادہ کیا گیا۔ شہرام خان ترکئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ رہائشی علاقوں میں پینے کے صاف پانی، سیوریج اور دیگر سہولیات کے لیے جدید اور بہترین نظام مہیا کریں۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے تمام محکمانہ امور میں مزید شفافیت لانے کے لیے جدید نظام لایا جا رہا ہے جس کے بعد محکمہ بلدیات اور اس کے تمام ذیلی ادارے اس نظام کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوں گے جس سے محکمہ کی کارکردگی اور افادیت میں اضافہ ہوگا۔

مزید : صفحہ اول